رشوت خوری اور بدعنوانی جیسی غلاظت سے سماج کو پاک کرنے کا دہرایا عزم
محمد اشفاق
درابشالہ؍؍ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخابات کی گہما گہمی کے بیچ ضلع کشتواڑ کے ڈی ڈی سی حلقہ درابشالہ اے سے گلزار حسین متو (آزاد امیدوار) نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، بارش اور کڑاکے کی سردی کے باوجود بھی اس موقعے پر ان کے ساتھ عوام کا ایک جم غفیر تھا۔عوام کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے متو نے کہا کہ میں سماج میں پنپنے والی سب سے خطرناک بیماریوں رشوت خوری اور بدعنوانی کے خلاف بر سر پیکار ہونے کے لیے میدان میں اترا ہوں، وہ اپنے حلقے میں عوام کو سیاست دانوں کی طرف سے لگائے گئے زخموں پہ مرہم رکھنے کے لیے میدان میں اترا ہوں اور میں چاہتا ہوں کہ اور مجھے امید ہے کہ عوام اس مشن میں میرا ساتھ دینے میں کوئی کوتاہی نہیں برتیں گے۔کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد لازوال کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات میں انہوں نے کہا کہ وہ سروڑ، اور درابشالہ کے باقی علاقہ جات میں محکمہ دہی سدھار کی جانب سے کی جانے والی بدعنوانیوں کا پردہ فاش کرنے کا مصمم ارادہ رکھتے ہیں اور وہ اس سلسلے میں عوام کا لوٹا ہوا حق انہیں دلانے کے لیے تہہ دل سے کوشاں ہیں۔