کانگریس لیڈر کا چشتی پر حملہ، کہا بی جے پی سرحد پر رہنے والوں کی دشمن
لازوال ڈیسک
پونچھ؍؍کانگریس لیڈر و بلاک چیرمین ننگالی صاحب سائی بابا نذیر چوہدری نے بی جے پی امیدوار رفیق چشتی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پونچھ میں گوڈسے کی وچاردارا کو پنپنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سرحد پر مقیم رہایش پذیر عوام کی دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے بی جے پی اقتدار میں آئی ہے تب سے سرحد پر گولہ باری کا شکار ہو کر سیکڑوں لوگوں نے اپنی جان گنوائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینکر کی سہولیات صرف کاغذوں میں ہی درج ہے اور حقیقت میں جو بینکر تعمیر کیے گیے ہیں وہ معیاری نہیں ہیں۔ نذیر چوہدری نے کہا کہ یہ انتخابات بہت ہی اہم ہے اور اس میں پونچھ سے فرقہ پرستی کا خاتمہ ہو جائے گا اور اتحاد کا بول بالا ہوگا۔ نذیر چوہدری نے کہا کہ نہ صرف ضلع پونچھ بلکہ جموں وکشمیر سے بی جے پی کا خاتمہ طے ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پونچھ کے روایتی بھائی چارے کو قایم رکھنے کے لیے کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنائے۔ انہوں نے اپیل کی کہ چوہدری عبدالغنی کو کامیاب بنائے اور ان کی دختر ڈاکٹر نازیہ چوہدری کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں راویندر رینا کے زریعے دیے جانے والے بیان کی یہ مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے آئین نے سب کو برابری کے حقوق دیے ہیں جسے کوئی نہیں چھین سکتا۔