لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍پرنسپل سیکرٹری محکمہ باغبانی نوین کمار چودھری نے آج مشن فار انٹی گریٹڈ ڈیولپمنٹ آف ہارٹیکلچر ( ایم آئی ڈی ایچ ) کی سٹیٹ لیول ایگزیکٹو میٹنگ کی صدارت آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں کی ۔ دورانِ میٹنگ انٹی گریٹڈ کنٹرول ایٹماسفئیر ( سی اے) سٹورپروجیکٹوں کیلئے سبسڈی کے معاملات سے متعلق مفصل غور و خوض ہوا اور ایک ہی مالک کے حق میں ایک سے زیادہ سیل سٹور کے قیام کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی ۔ انہوں نے تمام ضلع افسران کو مثبت طریقہ کار اپنا کر محکمہ کے پاس التوا میں پڑی تمام ادائیگیوں کو واگذار کرنے کی ہدایت دی ۔ اس سے قبل چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم جنہوںنے میٹنگ میں شرکت کی، کو محکمہ باغبانی کی سرگرمیوں سے متعلق تفصیل دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ باغبانی ایک سونے کی کان ہے جس کو مناسب طریقہ کار ترقی دے کر بروئے کار لانا ہے تا کہ جموں کشمیر میں باغبانی پیداوار کو فروغ حاصل ہو سکے ۔ انہوں نے افسروں کو لگن اور تندہی سے کام کرنے کی تلقین کی ۔ میٹنگ میں ناظمینِ زراعت و باغبانی ، ضلع باغبانی افسران اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔