ایک افسر سمیت چار فوجی جوان اور تین جنگجو ہلاک
یواین آئی
سرینگر؍؍شمالی ضلع کپوارہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مڑھل سیکٹر میں اتوار کو ہونے والے مسلح تصادم میں ایک افسر سمیت چار فوجی اہلکار اور تین جنگجو مارے گئے ہیں۔مسلح تصادم کے دوران دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج ومعالجہ کے لئے فوجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق ایل او سی کے مڑھل سیکٹر میں گذشتہ رات فوج اور حال ہی میں دراندازی کرنے والے جنگجوئوں کے ایک گروپ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے اور میڈیا کے ساتھ تفصیلات شیئر کی جا رہی ہیں۔دریں اثنا فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کو قریب ایک بجے فوج کی ایک گشتی پارٹی نے مڑھل سیکٹر میں باڑ کے نزدیک نامعلوم افراد کی مشتبہ نقل و حرکت دیکھی۔اس میں کہا گیا: ‘دراندازی کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کو ہمارے فوجیوں نے روکا۔ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک دہشت گرد اور بی ایس ایف کا ایک جوان مارا گیا۔ فائرنگ اتوار کی علی الصبح چار بجے رک گئی’۔بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں سیکورٹی فورسز کی مزید کمک طلب کی گئی تھی۔ نگرانی کے آلات سے جنگجوئوں کی نقل و حرکت کا پتہ لگایا گیا’۔اس میں مزید کہا گیا: ‘آج صبح دس بجکر 20 منٹ پر طرفین کے درمیان گولہ باری کا شدید تبادلہ ہوا۔ کارروائی میں دو دہشت گرد مارے گئے۔ ہمارے تین فوجی جاں بحق اور دیگر دو زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ آپریشن جاری ہے’۔