سنجیوورمانے مجسٹریٹوں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران انفرادی اور کیمونٹی بنکروں کی تعمیر کے کام کا جائزہ لیا
یواین آئی
جموں؍؍ پاکستانی گولہ باری سے جانی نقصان نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لئے صوبہ جموں کے سرحدی علاقوں میں اب تک 7 ہزار 7 سو 77 بنکروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سرحدی اضلاع کے مجسٹریٹوں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران انفرادی اور کیمونٹی بنکروں کی تعمیر کے کام کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران متعلقہ افسران نے موصوف صوبائی کمشنر کو بنکروں کے تعمیری کام کے بارے میں مکمل اور مفصل جانکاری فراہم کی۔میٹنگ میں متعلقہ ضلع مجسٹریٹوں نے بتایا کہ سرحدی علاقوں میں 7777 بنکر تعمیر کئے گئے ہیں جن میں سے 6839 انفرادی بنکرس جبکہ 938 کمیونٹی بنکرس ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مزید 334 بنکر تعمیر کئے جا رہے ہیں جن کا کام مختلف مرحلوں پر جاری ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع جموں میں 1161، ضلع سانبہ میں 1569، ضلع کٹھوعہ میں 1519، ضلع راجوری میں 2603 اور ضلع پونچھ میں 925 بنکرس تعمیر کئے گئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر کے سرحدوں پر ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان آئے روز کی گولہ باری کے تبادلے سے متصل بستیوں کے لوگوں کو بے تحاشا جانی و مالی نقصان سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔حکومت ان علاقوں میں بنکر تعمیر کر رہی ہے تاکہ لوگ گولہ باری کے وقت جان بچانے کے واسطے ان ہی میں پناہ لے سکیں۔