راستہ بھٹکنے کی وجہ سے مسلمان بربادی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں: فاروق عبداللہ

0
0

اگر ہم آج بھی اللہ اور پیغمبر اسلام (ص) کے بتائے ہوئے راستے پر نہیں چلیں گے تو ہمیں کوئی بچا نہیں سکے گا
یواین آئی

کپوارہ؍؍نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اللہ اور پیغمبر اسلام (ص) کے بتائے ہوئے راستے پر نہ چلنے کی وجہ سے موجودہ دور میں مسلمان بربادی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم آج بھی اللہ اور پیغمبر اسلام (ص) کے بتائے ہوئے راستے پر نہیں چلیں گے تو ہمیں کوئی بچا نہیں سکے گا۔فاروق عبداللہ نے ان باتوں کا اظہار اتوار کو یہاں اپنی پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل سی ناصر خان کی تجہیز و تکفین میں حصہ لینے کے بعد لوگوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا: ‘آپ آج دیکھ رہے ہیں کہ دنیا میں مسلمانوں کا کیا حال ہے۔ بربادی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔ اگر ہم آج بھی اللہ اور پیغمبر اسلام (ص) کے بتائے ہوئے راستے پر نہیں چلیں گے تو ہمیں کوئی بچا نہیں سکے گا۔ بچانے والا صرف اور صرف اللہ تعالیٰ ہے’۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ مسلمانوں کے ایمان میں کمی پیدا ہوئی ہے اور وہ جھوٹ، فریب، شراب جیسی جتنی بھی برائیاں ہیں ان کے مرتکب ہونے لگے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘جس کو اللہ نے مال و دولت دی ہے کیا وہ اس غریب کو کچھ دیتا ہے جس کے پاس کچھ بھی نہیں ہے۔ یاد رکھنا اللہ نے تمہیں جو دیا ہے وہ صرف تمہارے لئے نہیں ہے بلکہ وہ اس غریب کے لئے بھی ہے۔ اگر تم نہیں دو گے تو تمہیں اللہ کے غضب کا سامنا کرنا پڑے گا’۔نیشنل کانفرنس صدر نے کہا کہ قیامت کے دن ہم سب ایک جیسے ہوں گے، نہ کوئی چھوٹا ہوگا نہ کوئی بڑا، نہ کوئی غریب ہوگا نہ کوئی امیر۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘وہاں ہمارا حساب لیا جائے گا۔ وہاں نہ مجھے اپنا باپ بچائے گا نہ میں اپنے باپ کو بچا سکوں گا۔ میرا بیٹا بیٹی مجھے بچا نہیں سکیں گے۔ میرے اچھے کام مجھے بچائیں گے۔ اس لئے آپ سے گزارش کر رہا ہوں کہ آج ہی اللہ سے معافی مانگو’۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہر زی نفس کو موت آنی ہے لیکن کسی بھی شخص کے اس دنیا میں اخلاق اور کردار باقی رہتے ہیں اور میں یہ بات پورے وثوق کے ساتھ کہتا ہوں کہ ناصر خان کو اچھے اخلاق و کردار اورحْسن سلوک کے لئے یاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ سمیت جموں وکشمیر کے لوگ اس وقت زبردست پریشانیوں میں مبتلا ہیں اور اللہ تعالیٰ ہی ہمیں وجودہ چیلنجوں سے نجات دلانے والا ہے، ہمیں ہر حال میں یہ بات ذہن میں رکنی چاہئے کہ ہم ہر مسئلے کے لئے اپنے اللہ سے رجوع کریں۔انہوں نے کہا کہ رسول پاک کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے، آنحضور کے دکھائے ہوئے راستے میں ہی ہماری کامیابی اور کامرانی کا راز مضمر ہے اور ہمیں ہر حال میں اسی راستے پر چلنا ہے۔دریں اثنا نیشنل کانفرنس کی طرف سے جاری ایک پریس بیان کے مطابق پارٹی لیڈر اور سابق ایم ایل سی ناصر خان کو اتوار کے روز کپوارہ میں پرنم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔اْن کے نماز جنازہ میں نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے علاوہ سیاسی، سماجی، مذہبی اور زندگی دوسرے مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ناصر خان کی موت جہاں اْن کے آبائی علاقے کے لوگوں کے لئے بہت بڑا نقصان ہے وہیں ہماری پارٹی ایک نیک طبیعت، اخلاق مند اور ملنسار شخصیت سے محروم ہوگئی ہے جس کا متبادل ملنا بہت ہی مشکل ہے۔ مرحوم نے پوری زندگی اپنے علاقے کے لوگوں کی خدمت اور فلاح و بہبود میں گزاری۔اس سے قبل ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرحوم کے لواحقین خصوصاً اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی اور اْن کی ڈھارس بندھائی۔ جن دیگر لیڈران نے مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی اْن میں جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، رکن پارلیمان محمد اکبر لون، سینئر لیڈران چودھری محمد رمضان، قیصر جمشید لون، میر سیف اللہ، کفیل الرحمن، جاوید احمد ڈار، ڈاکٹر سجاد شفیع اوڑی، غلام حسن راہی، سلام الدین بجاڑ، میر غلام رسول ناز، سید رفیق شاہ، زاہد مغل، غلام حسن درزی اور منظور مسعودی شامل ہیں۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا