کمپنی نے ایک بار پھر 10000کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کیا
یواین آئی
نئی دہلی ؍؍ مکیش امبانی کے ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ (آر آئی ایل) کے پٹرو کیمیکل کاروبار کو رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ عالمی وباکووڈ -19کا اثر ضرورہا لیکن گروپ کی دیگر کمپنیوں نے تجارتی تجزیہ کاروں اور بازار کے پنڈتوں کے اندازوں کو مسترد کرتے ہوئے کاروباراور خالص منافع میں اضافہ حاصل کیا۔ آر آئی ایل نے جمعہ کو دیر رات 2020۔21کی دوسری سہ ماہی کے نتائج میں 9567کروڑ روپے کا منافع حاصل کیا۔ اگرچہ یہ پچھلے سال کی اسی سہ ماہی سے 15فیصد کم ہے لیکن مارکیٹ تجزیہ کاروں کے اندازوں سے کہیں بہتر ہے ۔بلومبرگ کے معروف تجزیہ کاروں کی رائے تھی کہ ریلائنس کا منافع لگ بھگ 9017رہے گا۔ اس کے برعکس کمپنی نے ایک بار پھر 10000کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کیا ، جو مستحکم منافع تھا۔ گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں مجموعی خالص منافع 28 فیصد اضافے سے 10602کروڑ روپے ہوگیا۔مکیش امبانی کے نئے کاروبارریلائنس ریٹیل اور جیو پلیٹ فارمز کی گزشتہ سہ ماہی میں ریلائنس انڈسٹریز کی کنسولیڈیٹڈ آمدنی 27.2فیصد اضافے سے 128285کروڑ روپے ہوگئی۔دنیا بھر میں ایندھن اور خام تیل کے نرخوں کی مانگ میں ان حالات میں زبردست گراوٹ درج کی گئی تھی اس کا اثر ریلائنس کے تیل اور گیس کے کاروبار پر بھی پڑا۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر جون سہ ماہی کے مقابلہ ستمبر سہ ماہی کے لئے مجموعی خالص منافع میں 28فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔ آر آئی ایل کے چیئرمین مکیش امبانی نے کہا ’’ہم نے پیٹرو کیمیکلز اور خوردہ طبقے میں اچھی بہتری لائی ہے ، جیو میں ہمارے کاروبار میں مستقل طور پر تقویت ملی ہے اور مجموعی طور پر ہم نے اس سہ ماہی میں پچھلے سہ ماہی سے بہتر نتائج پیش کیے ہیں۔ ہمارے او ٹی سی کاروبار میں طلب کی سطح میں بہتری آئی ہے ۔ زیادہ تر مصنوعات کی صورت میں ، گھریلو طلب ایک بار پھر کووڈ سے پہلے کی ابتدائی سطح پر آگئی ہے ۔ ملک بھر میں لاک ڈاؤن ڈاؤن کے خاتمے کے بعد خوردہ کاروبار کے حالات معمول پر آ گئے اور اہم صارف سامان کی طلب میں اضافہ ہوا۔ پچھلے چھ مہینوں میں ہم نے جیو اور خوردہ کاروبار کے ساتھ ساتھ ریلائنس خاندان میں کچھ بااثر اسٹریٹجک اور مالی سرمایہ کاروں سے خاطر خواہ سرمایہ اکٹھا کیا ہے ۔ ہندوستان کی ترقی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ، ہم نے اپنے تمام کاروباروں میں تیزی سے ترقی کا ہدف طے کیا ہے ۔