مینڈھر سب ڈویژن میں صاف پانی کی عدم دستیابی بحرانی صورتحال

0
0

بیشتر لفٹ اسکیمیں غیر فعال، ’ہرگھر جل یوجنا‘کی عمل آوری کاغذوں میں :ڈاکٹرشہزاد ملک
لازوال ڈیسک

مینڈھر؍؍سماجی کارکن اور سابقہ وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد ملک نے سب ڈویڑن مینڈھر میں پینے کے صاف پانی کی بحرانی صورتحال پرتشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اِس سنگین مسئلہ کو فوری طور حل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی جائیں۔ ایک پریس بیان میں ڈاکٹر شہزاد نے کہا ہے کہ مینڈھر، بالاکوٹ اور منکوٹ تحصیلوں میں پانی کی عدم دستیابی بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ دور دراز گاں سلانی، بلنوئی، کہنی، بگیوٹ، کلیاں، چھترال، پٹھانہ تیر، ڈھرانہ، سلواہ، گرسائی، نکہ ، نکہ منجہاڑی، دھارگلون، دیوتہ، بالاکوٹ، گلوتہ، کنڈی گلوتہ، بھاٹہ دھوڑیاں، چنڈیال، سنگیوٹ، کیری ، جگال، ڈیری ڈبسی، ڈھکی، بھاٹہ کس میں لوگوں کو اپنا زیاد ہ وقت دن میں پانی کا انتظام کرنے میں گذرجاتاہے۔ خواتین اور بچے بچیوں کو میلوں دور سے جاکر پانی لانا پڑتاہے، اس وجہ سے بچوں کی تعلیم بھی متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مینڈھر میں آبی وسائل /چشمے وغیرہ کم ہیں، اس لئے یہاں پر پانی کی سپلائی کے لئے کئی لفٹ اسکیمیں قائم کی گئی ہیں جن پرکروڑوں روپے خزانہ عامرہ سے خرچ ہوئے لیکن تقریباًپچاس فیصد کے قریب لفٹ اسکیمیں ناکارہ پڑی ہیں۔کہیں تیل نہیں تو کہیں ٹرانسفارمر خراب ہے، اگر مشینری ٹھیک ہے تو پھر محکمہ جل شکتی کی انجینئرنگ اور میکانیکل ونگوں کے درمیان تال میل کا فقدان ہے جس سے لفٹ اسکیمیں چل نہیں رہیں۔پریس ریلیز میں ڈاکٹر شہزاد نے بتایاکہ نڑول کلیاں لفٹ اسکیم، کہنی لفٹ اسکیم، سلانی لفٹ اسکیم، کیری کنڈی گلوتہ لفٹ اسکیم، سوئیاں۔بالاکوٹ لفٹ اسکیم، بلنوئی لفٹ اسکیم، نکہ محلہ منہاساں لفٹ اسکیم اور اپر دھار گلون لفٹ اسکیمیں ناکارہ ہیں جس وجہ سے ہزاروں کی آبادی پانی سے محروم ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی سرکار کی طرف سے ’ہرگھر نل،ہرگھر جل‘نام سے کئی اسکیمیں بھی چلارہی ہے اور صد فیصد گھروں تک پانی پہنچانے پر کروڑوں روپے خرچ ہورہے ہیں مگر اِن کا مینڈھر میں زمینی سطح پر کوئی اثر دکھائی نہیں دے رہا۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کا پورا انحصار ڈیلی ویجروں اور عارضی ملازمین پر چھوڑاگیا ہے جنرل لائن ملازمین اور اعلیٰ حکام اپنے فرائض سے انصاف نہیں کر رہے، جس سے عوام پریشان ہے۔ڈاکٹر شہزاد ملک نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، کمشنر سیکریٹری محکمہ جل شکتی سے گذارش کی ہے کہ مینڈھر میں سبھی لفٹ اسکیموں کو فعال بنانے کے لئے متعلقہ حکام کو فوری ٹھوس اقدامات اْٹھانے کی ہدایات جاری کی جائیں۔جن علاقہ جات میں لفٹ اسکیم یا دیگر کوئی واٹر سپلائی اسکیم نہیں ہے، وہاں پر نئی مرکزی سرکار کی اسکیم کے تحت ترجیحی بنیادوں پر پانی پہنچایاجائے۔انہوں نے کہاکہ پانی سب سے بنیادی اور لازمی انسانی ضرورت ہے اور حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے، اِس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ راہل یادو سے بھی کہا ہے کہ مینڈھر سب ڈویڑن محکمہ جل شکتی افسران کے ساتھ ہنگامی جائزہ میٹنگ لیکر پانی کی بحرانی صورتحال کو حل کرنے کے لئے فوری اقدامات اْٹھائیں۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا