سمارٹ سِٹی کاعلاقہ کھنڈرات کیوں؟،دہائیوں سے جاری بھیدبھائو ختم نہیں ہورہا:ایوب ملک
محمد جعفربٹ/نریندرسنگھ ٹھاکر
جموں؍؍ضلع انتظامیہ جموں کی نگاہوں سے اوجھل گجرنگرجوجموں میونسپل کارپوریشن کی وارڈ6ہے‘کے رہائشیوں نے ایک مرتبہ پھرانتظامیہ کے سوتیلے روئیے کیخلاف صدائے احتجاج بلندکی ہے۔وارڈکی صفِ اول سرگرم محلہ ویلفیئرکمیٹی گجر نگر کے صدر ایوب ملک نے یہاںذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کہ گجر نگر میں کوئی بھی ترقیاتی کا کام دیکھنے کو نہیں مل رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گجر نگر کی گلیوں اور نالیوں کی حالت اس قدر خستہ ہے کہ یہاں سے انسانوں کا گزرنا دشوار ہے،اگر پورے ضلع جموں میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں تو گجر نگر میں کیوں نہیں؟۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے پہلے بھی اس بات کا اجاگر کیا گیا تھا لیکن جب تک میڈیا میں یہ بات رہی تب تک کام بھی ہوتے رہے اور اس کے بعد کوئی بھی ترقیاتی کام دیکھنے کو نہیں ملا۔انہوں نے کہ باوے والی گلی،جوگی گیٹ اور گجر نگر یہاں تقریباً ستر کے قریب گلیاں ہیں،جن میں پچھلے چار یا پانچ سال سے صرف دو گلیاں تعمیرہوئی ہیں تو باقی کی گلیوں کو تعمیر کروانا کس کی ذمہ داری ہے؟۔انہوں نے کہا کہ گائوں سے بھی بدتر حالت گجر نگر کی اور بار بار ہم انتظامیہ کی نوٹس میں یہ بات لائی جاتی ہے ۔لیکن کیا مجال کے انتظامیہ کو ٹس سے مس ہو۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جموں کو سمارٹ سٹی بنائے جانے کے بڑے بڑے دعوے کئے جاتے ہیں لیکن گجر نگر کا علاقہ اس دعوے کو کھوکھلا ثابت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی کسی سے بات کریں تو وہ یہی کہتے ہیں کہ یہ کام جلدی ہو جائے گا لیکن ابھی تک یہ کام ہوتے ہوئے نہیں دکھائی دئے۔انہوں نے کہا کہ گلیاں اور نالیاں تو دور کی بات یہاں کی رابطہ سڑکیں آج بھی تارکول سے محروم ہیں۔وہیں انہوں نے جموں میونسپل کارپوریشن پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ تر قی کے بڑے بڑے دعوے کئے جاتے ہیں لیکن زمینی سطح پر کیا ہو رہا ہے عوام کو کس قسم کی پریشانیوں کا سامنا ہے اس طرف کسی کا دھیان نہیں۔وہیں انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر جموں سے یہ اپیل کی کہ وہ گجر نگر کا دورہ کریں اور یہاںکے ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لیں اور یہ دیکھیں کے گجر نگر میں ابھی تک کتنے کام ہوئے ہیں اور عوام کس قسم کی پریشانیوں سے دو چار ہے۔اُنہوں نے سوالیہ لہجے میں کہاکہ آخرکیاوجہ ہے جموں میونسپل کارپوریشن گجرنگر سے جی چراتی اور شرماتی شہرمیں ماری ماری پھرتی ہے؟۔اُنہوں نے کہاکہ قریب زائید ازچھ دہائی اس علاقے کیساتھ سوتیلی ماں جیساسلوک کیاجارہاہے جو ناقابل برداشت ہے۔