کلونتا میںنائب تحصیلدارپہ رشوت خوری کے الزامات کی بوچھاڑ،ایس ڈی ایم نے کہاسخت کارروائی ہوگی
نریندر سنگھ ٹھاکر
ادھمپور؍؍محکمہ مال کے ملازمین خوب سرخیوں میں ہیںجو اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے غریب عوام پر ایک قہر بن کر ٹوٹ رہے ہیں ۔ حال ہی میں اے سی بی نے وجے پور کے محکمہ مال کے کچھ افسران کے خلاف معاملہ درج کیا ہے ۔دریں اثناء ضلع ادھمپور کے کلونتا کے نائب تحصیلدار انیل کمار کے خلاف رشوت طلب کرنے کے الزام کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہیں۔جہاں ایک غریب شخص کا کہنا ہے کہ ان کے وصیت نامہ کروانے پر انہوں نے نائب تحصیلدار کلونتا کو تین ہزار روپئے دئے ہیں۔کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے والدین نے محکمہ تعلیم کو اپنی اراضی پیش کی تھی اور اب محکمہ کی جانب سے اس اراضی کے انتقالات طلب کئے جا رہے ہیں۔انکا مزید کہنا ہے کہ شائد انہیں درجہ چہارم کی نوکری ملے گی ۔ایک اور شخص نے ایک ویڈیو میں کہا ہے کہ وصیت نامہ پر نائب تحصیلدار کلونتا سے کائونٹر دستخط کروانے گیا تو انہوں دھتکار دیا اور کہا کہ میرے پاس وقت نہیں ہے ،کیمپ لگے گا اس میں کروں گا۔اس شخص کا مزید کہنا ہے کہ جب تین ہزار روپئے نائب تحصیلدار کلونتا انیل کمار کو بطور رشوت دئے تو انہوں نے کائونٹر دستخط کر دئے ۔پرکاش نامی ایک شخص جو باڑی کا رہنے والا ہے نے اسی سلسلے میں کہا کہ محکمہ تعلیم نے زمین کے دستاویزات طلب کئے ۔اس کی خاطر مہینے بھر رام نگر کے چکر لگتے رہے ،کائونٹر دستخط کروانے نائب تحصیلدار کلونتا انیل کمار کے پاس پہنچے تو انہوں نے کہا کہ ’چلو چلو باہر،انتقال مفت ہوجاتے ہیں کیا؟انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے تین تین ہزار روپئے این ٹی کلونتا کو وصیت نامہ پر دستخط کروانے کے دئے اور اب انتقال کیلئے پانچ پانچ ہزار کی فرمائش ہے !انہوں نے اس سلسلے میں تحصیلدار رام نگر،ایس ڈی ایم رام نگر اور ضلع ترقیاتی کمشنر ادھمپور سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے ساتھ انصاف کا معاملہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بیس بیس ہزار روپئے ہم خرچ کر چکے ہیں لیکن اب اتنی طاقت نہیں ہے کہ اور خرچ کریں ۔رتن نامی ایک شخص کا کہنا ہے کہ ان سے دو ہزار روپئے رشوت کے طور لئے گئے جہاں منتیں ،پائوں ،گوڈے الگ سے کئے گئے۔وہیں لازوال نے جب نائب تحصیلدار سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ میرے پاس کوئی بندہ نہیں آیا جس سے میں نے رشوت لی ہو۔انہوں نے کہا کہ ثبوت لائیں جس سے میں نے رشوت لی ہے ۔ جب ایس ڈی ایم رامنگر نریش کمارسے لازوال نے بات کی تو انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں نائب تحصیلدار کلونتا کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ لکھت میں دیں کہ کیا معاملہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ معاملہ کی تحقیقات کی جائیں گی اور قصوروار کو معطل کیا جائے گا۔