رام بن میں مسافر گاڑی دریائے چناب میں جا گری

0
0

8 سے 9 مسافر ڈوب کر لاپتہ، ایک پولیس کانسٹیبل کو بچا لیا گیا
یواین آئی

سرینگر؍؍جموں و کشمیر کے ضلع رام بن میں سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ایک چھوٹی مسافر گاڑی کے دریائے چناب میں گرنے سے کم از کم آٹھ مسافر ڈوب کر لاپتہ ہوگئے ہیں۔ تاہم حادثے کی شکار ہونے والی گاڑی میں سوار ایک پولیس اہلکار کو زخمی حالت میں بچا کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ادھم پور سے رام بن کی طرف جا رہی مسافر بردار ٹمپو گاڑی پیر کو سہ پہر کے وقت مہار نامی جگہ پر سڑک سے پھسل کر دریائے چناب میں جا گری۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ پیش آنے کے فوراً بعد پولیس اور مقامی لوگوں نے بچائو آپریشن شروع کیا جس دوران پولیس کانسٹیبل معراج الدین ساکنہ اونتی پورہ کو زخمی حالت میں بچا کر ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور مقامی لوگ حادثے کی شکار والی گاڑی کا پتہ لگانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی چناب میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے دریائے چناب میں پانی کا بہائو کافی تیز ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رام بن حسیب الرحمان نے بتایا کہ حادثے میں آٹھ سے نو مسافر ڈوب کر لاپتہ ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور مقامی رضاکاروں نے حادثہ پیش آنے کے فوراً بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا لیکن ابھی تک کوئی خاص کامیابی نہیں مل پائی ہے۔ اس دوران حسیب الرحمان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا: ‘آج سہ پہر ساڑھے چار بجے ایک ٹمپو رام بن میں مہار نامی جگہ پر دریائے چناب میں جا گرا۔ ایک مسافر کو بچا لیا گیا۔ دیگر آٹھ سے نو مسافر ابھی بھی لاپتہ ہیں۔ رام بن پولیس اور مقامی رضاکار بچائو آپریشن میں لگے ہوئے ہیں’۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا