عربی زبان کے فروغ کے لئے نوجوان اسکالر آگے آئیں:ڈاکٹر فردوس العمری
یوسف جمیل
پونچھ؍؍وادی کشمیر کے نوجوان عربی اسکالر ڈاکٹر فردوس العمری کو اردن کے رسالہ” انٹرنیشنل عرابک جرنل آف کریٹیو ریسرچ” کے عالمی ایڈیٹوریل بورڈ کے ممبر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق موصوف عرابک اسکالر ،لیکچرار ،ٹیوٹر خطیب اور مترجم کی حیثیت سے وادی میں اور بیرون ریاست جانے جاتے ہیں۔انکی قابلیت کو دیکھتے ہوئے یہ تعئناتی موصول ہوئی ہے۔ڈاکٹر موصوف کشمیر یونیورسٹی سے گولڈ میڈیلسٹ ہیں اور عالمی شہرت یافتہ یونیورسٹی علیگڑہ مسلم یونیورسٹی سے انہوں نے پی ایچ ڈی مکمل کی ہے۔علاوہ ازیں جے آر ایف،سلیٹ کے ساتھ ساتھ پانچ مرتبہ موصوف نے نیٹ کے امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔اس وقت موصوف محکمہ تعلیم میں بحیثیت لیکچرار اپنے فرائض سرانجام دے رہیں ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہیکہ موصوف متعدد عربی کتابوں کے مصنف ہیں اور کئی کتابیں عربی سے اردو میں ترجمہ بھی کرچکے ہیں۔ڈاکٹر فردوس العمری کئی موضوعات پر اپنی قلم کو حرکت میں لاکر دسیوں تحقیقی مقالاجات تحریر کرکے قارئین کی نظر کرچکے ہیں اور قومی و عالمی سطح کے سیمیناروں و کانفرنسوں میں بھی شرکت کرچکے ہیں۔وہیں عربی زبان لکھنے و بولنے میں مہارت رکھتے ہیں اور وادی میں نوجوانوں کو عربی زبان کی طرف گامزن کرنے اور انہیں عربی زبان سکھانے کی غرض سے کئی مقامات پر درس و تدریس کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔فردوس العمری نے کہا کہ وادی میں متعدد عربی اسکالر ہیں جو عربی زبان کے فروغ کے لئے کام سرانجام دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی کی بات یہ ہیکہ ان اسکالروں کے لئے بہتر مواقع نہیں ہیں جہاں سے یہ اپنے آپکو اس کار خیر میں ڈھال سکیں۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں کامیابی انکے قدم چومے گی۔انکی اس تعئناتی پر انہیں متعدد رفیقوں نے مبارکباد پیش کی اور انکی مزید ترقی کے لئے دعائیں بھی کیں۔