ہماری جماعت بے روزگار نوجوانوں کے مسائل میں ان کے ساتھ کھڑی ہے:جی اے میر
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں و کشمیر پردیش کانگریس نے خود مددگار گروپوں کے انجینئروں کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہاکہ ان کے ساتھ انصاف کا معاملہ کیا جائے ۔اس سلسلے میں جی اے میر نے کہا کہ موجودہ اقتدرا نوجوان مخالف پالیسیاں بنا رہا ہے جبکہ اس مشکل کے وقت میں سماج کا ہر ایک طبقہ معاشی بحران کا سامنا کر رہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ پڑھے لکھے بیروزگار نوجوانوں کو روزگاریں فراہم کرنے میں ناکامی ہوئی ہے جبکہ جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن منسوخ کرنے کے وقت روزگاروں کا وعدہ کیا گیا تھا ۔انہوںنے کہا کہ عارضی ملازمین کو مستقل نہیں کیا گیا ہے جبکہ وہ کئی برسوں سے مختلف محکمہ جات میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔موصوف نے کہا کہ کئی ایسے فیصلے لئے گے ہیں جو نوجوانوں کے مفاد اور حقوق کے مخالف ہیں جن کے خاموش احتجاج اور غصے کو انتظامیہ پر کوئی اثر نہیں ہو رہا ہے۔پارٹی نے اس موقع پر متاثر ہو رہے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نوجوان طبقہ کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملا کر کھڑے ہیں ۔انہوںنے اس دوران سیلف ہیلپ گروپوں کے ساتھ بھی ہم دردی کا مظاہرہ کیا۔