گاندربل میں لوگوں کا فور جی انٹرنیٹ کی بحالی کا خیر مقدم
یواین آئی
سرینگر؍؍وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں لوگوں نے فور جی موبائل انٹرنیٹ خدمات کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے۔ تاہم ساتھ ہی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ یہ خدمات جموں و کشمیر کے سبھی اضلاع میں فوری طور پر بحال کی جانی چاہئیں۔ بتادیں کہ جموں و کشمیر کے دو اضلاع گاندربل اور ادھم پور میں اتوار کی رات فور جی موبائل انٹرنیٹ خدمات زائد از ایک سال بعد تجرباتی طور پر بحال کر دی گئیں۔ تاہم باقی 18 اضلاع کو ان خدمات کے لئے ابھی اور انتظار کرنے پڑے گا۔سنجے ورما، جو گاندربل میں وجے میموریل ایجوکیشنل انسٹی چیوٹ نامی تعلیمی ادارہ چلاتے ہیں، نے فور جی انٹرنیٹ کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا: ‘پچھلے ایک سال اور گیارہ دنوں سے انٹرنیٹ بند ہونے کی وجہ سے بچوں کی تعلیم بری طرح متاثر ہوئی۔ اب امید ہے کہ فور جی انٹرنیٹ کی بحالی کے ساتھ ہی ہم آن لائن کلاسز کا انعقاد کرا سکتے ہیں۔ ٹو جی انٹرنیٹ پر ویڈیوز کی اپ لوڈنگ مشکل کام تھا’۔ ان کا مزید کہنا تھا: ‘میں انٹرنیٹ کی بحالی کے لئے ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ میری خواہش ہے کہ یہ خدمات پورے جموں و کشمیر میں جلد از جلد بحال ہونی چاہئیں’۔ بلال احمد شاہ نامی شہری کا کہنا تھا: ‘فور جی کی بحالی سے بہت راحت ملی ہے۔ ساتھ ہی میں یہ کہنا چاہوں گا کہ زیادہ اچھا یہ ہوتا اگر یہ خدمات پوری وادی میں بحال کر دی جاتیں’۔ قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ سال پانچ اگست کو دفعہ 370 منسوخ کر کے جموں و کشمیر کی حاصل نیم خود مختار حیثیت ختم کر دی تھی اور اسے مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کر دیا تھا۔ اس اقدام کے بعد احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ خدمات کو بھی معطل کر دیا گیا تھا۔مرکزی حکومت نے گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ جموں و کشمیر کے دو اضلاع میں 15 اگست کے بعد فور جی انٹرنیٹ تجرباتی طور پر بحال کی جائیں گی اور صورتحال بہتر رہنے کی صورت میں باقی اضلاع میں فور جی انٹرنیٹ مرحلہ وار طریقے سے بحال کیا جائے گا۔اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے سپریم کورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ پر پابندی سے نہ تو کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج پر کوئی اثر پڑا ہے اور نہ ہی تعلیمی اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کشمیر میں سیکورٹی کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر موبائل فونز پر فور جی انٹرنیٹ کی بحالی کے لئے ماحول سازگار نہیں ہے۔قبل ازیں سپریم کورٹ نے جموں و کشمیر انتظامیہ سے کہا تھا کہ وہ مخصوص علاقوں میں فور جی انٹرنیٹ کی بحالی کے امکانات کا جائزہ لے۔