انتظامی کونسل کاایک اوراجلاس،کئی اہم فیصلے لئے گئے

0
0

احساسِ تحفظ :منتخبہ پنچائتی راج اور بلدیاتی اداروں کے ارکان کیلئے 25 لاکھ روپے کی زندگی بیمہ پالیسی
پنچائتی راج اداروں کیلئے کانکنی کیلئے قلیل مدتی پرمٹ فراہم کئے جا رہے ہیں ؛مجین سدھڑامیں نارکوٹکس کنٹرول بورڈکیلئے علیحدہ دفترقائم ہوگا،13کنال اراضی منتقل
لازوال ڈیسک

سرینگر؍؍ایڈمنسٹریٹو کونسل کی میٹنگ جو آج یہاں لفٹینٹ گورنر جی سی مرمو کی صدارت میں منعقد ہوئی ،جس میں کئی اہم فیصلے لئے گئے ۔کونسل نے مجین سدھڑا جموں میں نارکوٹکس کنٹرول بورڈ کیلئے دفتر کی عمارت اور رہایشی کمپلیکس تعمیر کرنے کیلئے 13 کنال 5 مرلہ اراضی منتقل اور الاٹ کرنے کو منظوری دی ۔ زمین کا یہ ٹکڑا این سی بی کو 40 سال کیلئے لیز پر دیا جا رہا ہے اور یہ فیصلہ جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی سفارش اور قانون ، انصاف ، پارلیمانی امور و مال محکموں کے اتفاق رائے سے لیا گیا ۔ اس فیصلے سے این سی بی کیلئے ایک خود مختار زونل ہیڈ کوارٹر قائم کرنے میں سہولت پیدا ہو گی اور خطے میں نشیلی ادویات کی تجارت سے منسلک دہشت گردانہ سرگرمیوں پر بھی موثر طور قابو پایا جا سکے گا ۔ ایک اور فیصلے میں ایڈمنسٹریٹو کونسل کی میٹنگ جو آج یہاں لفٹینٹ گورنر جی سی مرمو کی صدارت میں منعقد ہوئی میں منتخبہ بی ڈی سی چئیر پرسنز ، سرپنچوں ، پنچوں اور جموں و کشمیر کے میونسپل اداروں کے منتخبہ ارکان کیلئے ملی ٹینسی سے متعلق واقعات میں ہلاکت کی صورت میں 25 لاکھ روپے کی بیمہ پالیسی کے دائرے میں لانے کو منظوری دی ۔ فیصلے کا مقصد بنیادی جمہوری اداروں کو مستحکم بنا کر ان اداروں کے منتخبہ ارکان کو احساس تحفظ فراہم کرنا ہے جنہیں ملی ٹینٹوں سے متواتر خطرہ لاحق ہے ۔ زندگی بیمہ ملی ٹینسی سے متعلق واقعات میں ہلاک ہونے کی صورت میں منتخب نمائندوں کے اہل خانہ کیلئے روزی کی ضمانت فراہم ہو گی تا کہ اُن کے اہل خانہ کسی مالی مشکل کا شکار نہ ہو سکیں اور اُن کی بنیادی ضروریات مشکل حالات میں بھی پوری ہو سکیں ۔ کونسل نے آج جموں کشمیر مائینر منرل کنسیشن ، سٹوریج ، ٹرانسپورٹیشن آف منرلز اینڈ پروینشن آف اللیگل مائیننگ رولز ، 2016 میں ترمیم کو منظوری دی ۔ اس ترمیم سے 30 ستمبر 2021 تک ایک ہیکٹر اراضی پر پنچائتی راج اداروں کو کانکنی کیلئے قلیل مدتی پرمٹ فراہم کئے جائیں گے اور ان اداروں کو کانکنی شروع کرنے سے قبل جیالوجی اینڈ مائیننگ محکمہ کو پیشگی ادائیگی کرنے میں بھی چھوٹ دی جا ئے گی ۔ ایڈمنسٹریٹو کونسل نے محکمہ جیالوجی اینڈ مائیننگ کو پنچائتوں کی جانب سے مجاز حکام سے کانکنی منصوبوں ، ماحولیاتی کلیرنس وغیرہ کیلئے درخواستیں دینے کی بھی اجازت دی ۔ فیصلے کا مقصد پنچائتی راج اداروں کو کانکنی سے رقومات کا حصول یقینی بنا نا اور مقامی بازاروں میں اہم تعمیراتی مواد کی قلت کو دور کرنا اور قیمتوں کو اعتدال پر رکھنا ہے ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا