یواین آئی
سرینگر؍؍سری نگر کے الٰہی باغ علاقے سے تعلق رکھنے والے معروف اور جوان سال کشمیری ماڈل جنید شاہ کی جمعرات کی شب حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوئی ہے۔جنید شاہ بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کے ہمشکل تھے جس کی وجہ سے انہیں سال 2014 میں سوشل میڈیا پر کافی شہرت حاصل ہوئی تھی اور انہیں ممبئی میں ماڈلنگ کا اسائنمنٹ بھی مل گیا تھا۔فیملی ذرائع کے مطابق جنید حال ہی میں اپنے علیل والد نثار احمد شاہ کی تیمار داری کے لئے ممبئی سے سری نگر آئے تھے۔مرحوم کے سابق ہمسایہ اور سینئر صحافی یوسف جمیل نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘ہمارے پرانے ہمسایہ نثار احمد شاہ کے فرزند جنید کی دوران شب حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوئی۔ لوگ کہتے ہیں کہ وہ بالی وڈ ادا کار رنبیر کپور کے ہمشکل تھے، میں کہتا ہوں کہ وہ اپنے علیل والد، والدہ اور جملہ اہل خانہ کی امیدوں اور حوصلے کا محور تھے، اللہ مغفرت کرے’۔کہا جاتا ہے کہ جنید شاہ اْس وقت شہرت کے آسمان پر ایک تابناک ستارے کی طرح چمکے تھے جب مشہور بالی ووڈ ادا کار آنجہانی ریشی کپور نے اپنی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ان کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا تھا: ‘او میرے خدا، میرے بیٹے کا جڑوا ہے اور بہت ہی اچھا جڑوا ہے’۔