نئی دہلی، (یو این ائی) عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق ہندستان میں ابھی کورونا وائرس کووڈ۔19کا کمیونٹی انفیکشن نہیں ہے۔
ڈبلیو ایچ او کی تازہ جاری کووڈ۔19صورتحال رپورٹ میں 16جولائی تک کے اعدادو شمار دیئے گئے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او نے اپنی اس رپورٹ میں کہاکہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں محض دو ملک بنگلہ دیش اور انڈونیشیا میں کوکورونا کا کمیونٹی انفیکشن ہے۔ ہندستان، نیپال، تھائی لینڈ، مالدیپ، سری لنکا اور میانمار میں کمیونٹی انفیکشن نہیں ہے۔ بھوٹا ن اور مشرقی تیمور میں کورونا انفیکشن کے بہت کم معاملے ہیں۔ گزشتہ 16جولائی تک کے اعداود شمار کے مطابق بھوٹان میں کورونا انفیکشن کے 84معاملے اور مشرقی تیمور میں 24معاملے ہیں۔
جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں کورونا انفیکشن کے سب سے زیادہ معاملے ہندستان میں ہیں۔ یہاں 16جولائی تک کورونا متاثرین کی تعداد 9,68,876تھی۔ اس کے بعد بنگلہ دیش میں 1,93,590، انڈونیشیا میں 80,094،نیپال میں 17,177، تھائی لینڈ میں 3,236، مالدیپ میں 2,831، سری لنکا میں 2,674اور میانمار میں 337معاملے تھے۔
جنوب مشرقی یشیا ئی ممالک میں کورونا متاثرین کی موت کے معاملے بھی سب سے زیادہ ہندستان میں ہیں۔ ہندستان میں 16جولائی تک 24,915، بنگلہ دیش میں 2457، انڈونیشیا میں 3797، نیپال میں 39، تھائی لینڈ میں 58، مالدیپ میں 14، سری لنکا میں 11اور میانمار میں چھ کورونا متاثرین کی موت ہوئی ہے۔ بھوٹان اور مشرقی تیمور میں ا ب تک ایک بھی کورونا متاثرہ کی موت نہیں ہوئی ہے۔ پڑوسی ملک پاکستان میں 16جولائی تک 5,426کورونا متاثر ین کی موت ہوئی اور کل ملاکر متاثرین کی تعداد 2,57,914رہی۔