جے پور ،17جولائی (یواین آئی)آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے حکومت گرانے کے لیے پیسوں کےلین دین کے بارے میں ایک آڈیو سامنے آنےکے بعد وزیرسیاحت وشویندر سنگھ اور رکن اسمبلی بھنور لاک شرما کو پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے معطل کردیاہے ۔
پارٹی کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے آج یہاں صحافیوں کو بتایاکہ اس معاملے کی جانچ اسپیشل آپریشن گروپ کے ذریعہ کی جارہی ہے اور جانچ مکمل ہونے تک دونوں ارکان اسمبلی کوپارٹی سے معطل کیاگیاہے۔
مسٹر سرجے والا نے ایس او جی سے درخواست کی ہے کہ مبینہ آڈیو کی بنیاد پر مسٹر شیخاوت اور بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی )لیڈر سنجے جین کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے انھیں گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کیاجائے ۔انھوں نے کہاکہ ایس اوجی سے کانگریس پارٹی کایہ بھی مطالبہ ہے کہ اس معاملے کی جانچ کرکے پوری طرح سے انکشاف کیاجائے کہ ارکان اسمبلی کی خریدوفروخت کےلیے کالا دھن کہاں سے آیا اور کن لوگوں کو دیاگیا۔ اس کے علاوہ اس معاملہ کی سازش میں مرکزی حکومت کے کون سے افسران اور ایجنسیاں شامل ہیں ۔