جنیوا، 6 جون (یواین آئی) ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں 67 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا وائرس (کووڈ ۔19) سے متاثرین ہوچکے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی موذی وباء نے مسلسل اپنے پنجے گاڑ رکھے ہیں، جس کے ناصرف مریضوں میں بلکہ اس سے اموات میں بھی ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔
مختلف ممالک میں کورونا وائرس کی وباء کا زور ٹوٹ چکا ہے تو کہیں یہ عروج پر ہے اور کہیں اس کے کیسز اور اموات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 67 لاکھ 3 ہزار 95 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 3 لاکھ 93 ہزار 224 ہو گئیں۔
کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 30 لاکھ 57 ہزار493 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 55 ہزار 458 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 32 لاکھ 52 ہزار 378 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
امریکہ تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔