یواین آئی
واشنگٹن؍؍سابق امریکی صدر براک اوبامہ نے عالمی وباء کورونا وائرس (کووڈ -19) سے نمٹنے کے لئے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے اپنائے گئے طور طریقوں کو لے کر ان کی سخت تنقید کی ہے۔ مسٹر اوبامہ نے اپنے سابق حکام کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ کووڈ -19 سے نمٹنے کے لئے ٹرمپ انتظامیہ کا رویہ بہت ہی خراب ہے جس کی وجہ سے موجودہ صورتحال مکمل طور پر بدنظمی کا شکار ہوچکی ہے۔سابق امریکی صدر نے کورونا وائرس سے نمٹنے کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکمت عملی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ’انتشار سے بھرپور اور تباہ کن صورتحال‘قرار دیا ہے۔سابق امریکی صدر کی انتظامیہ کے تین اہم عہدیداروں نے اوبامہ کی اس گفتگو کی تصدیق کی جس میں انہوں نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ کوورنا وائرس کی صورتحال سے امریکہ سے جس طرح سے نمٹا گیا ہے وہ ہمیں ایک مرتبہ پھر اس بات کی یاد دہانی کراتی ہے کہ عالمی بحران سے نمٹنے کے لیے ملک کو مضبوط قیادت کی ضرورت ہوتی ہے۔اپنی ٹیلی فونک گفتگو کے دوران اوبامہ نے اپنے ساتھیوں اور ڈیموکریٹک اراکین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ وہ رواں سال نومبر میں ہونے والے انتخابات میں جو بائیڈن کو صدر منتخب ہوتے ہوئے دیکھنے کے خواہشمند ہیں اور اراکین ان کی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات آنے والے ہیں اور یہ بہت اہم ہیں کیونکہ ہم صرف ایک فرد یا سیاسی جماعت سے مقابلہ نہیں کر رہے ہوں گے بلکہ عرصے سے چل رہے ایک ایسے رجحان کا مقابلہ کریں گے جس میں خود غرضی کے ساتھ محض اپنی ذات، اپنے قبیلے کے بارے میں سوچا جاتا ہے اور تقسیم کر کے دوسروں کو دشمن تصور کیا جاتا ہے، یہ رجحان امریکیوں کی زندگیوں میں ایک اہم محرک کی شکل اختیار کر گیا ہے۔دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیلگ میک اینینی نے امریکی نشریاتی ادارہ ’سی این این‘ سے گفتگو میں اوبامہ کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ردعمل مثالی تھا جس کی بدولت وہ امریکیوں کی جانیں بچانے میں کامیاب رہے۔اوبامہ نے اپنی گفتگو کے دوران اٹارنی جنرل ولیم بار کی جانب سے مائیکل فلن کے خلاف مقدمہ ختم کرنے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس سے امریکہ میں قانون کی حکمرانی خطرات سے دوچار ہو گئی ہے۔یاد رہے کہ چین کے شہر ووہان میں جنم لینے والے کورونا وائرس سے سب سے زیادہ اموات کے ساتھ ساتھ سب سے بڑی تعداد میں کیس بھی امریکہ ہی میں رپورٹ ہوئے ہیں.اب تک امریکا میں وائرس سے 78ہزار 469 افراد ہلاک جبکہ 13 لاکھ سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔سابق صدر نے ’اوبامہ الیومنائی ایسوسی ایشن‘ نامی اپنے ملازمین کی تنظیم سے بات چیت میں کہا کہ مسٹر ٹرمپ نے امریکی لوگوں کی زندگیوں میں خود غرضی، تقسیم اور دشمنی کے احساس کو جگہ دلانے کا کام کیا ہے۔