نریندر سنگھ ٹھاکر
رام نگر؍؍کرونا وائرس کے چلتے جہاں ہر جگہ راشن تقسیم کیا جا رہا ہے اور انتظامیہ ہر گھر تک راشن پہنچا رہی ہے لیکن وہیں رام نگر کی پنچائت رسئین کے وارڈ نمبر چار میں آنگن واڑی سینٹر سے ابھی تک راشن لوگوں کو فراہم نہیں کیا گیا۔اسی پنچائت کے پنچ راج کمار نے لازوال سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے پانچ ماہ سے یہاں لوگوں کو راشن نہیں دیا گیا ۔اور اگر کبھی راشن دیا بھی جائے تو صرف سال میں ایک ہی بار دیا جاتا ہے۔انہوں نے معتلقہ محکمہ پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ آخر یہ راشن کہاں جا رہا ہے؟اس سلسلے میں جب نمائندے نے ایس ڈی ایم رام نگر و ضلع ترقیاتی کمشنر ادھمپور سے بات کی تو اس کے بعد محکمہ حرکت میں آ گیا اور انہوں نے دیکھتے ہی دیکھتے لوگوں میںراشن تقسیم کرنا شروع کر دیا۔اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آج تک اس لاک ڈاون کے چلتے اس سینٹر سے لوگوں کو راشن کیوں فراہم نہیں کیا گیا؟ہر انسان کے ذہن میں طرح طرح کے سوالات ابھرتے ہیں کہ آخر ایسا کیوں ہو رہا ہے اور متعلقہ محکمہ اس مہاماری کے دور میں لاپرواہی کیوں برت رہا ہے۔ضلع انتظامیہ ادھمپور اور تحصیل انتظامیہ رام نگر کو چاہیے کہ وہ ایسے معاملات پر سنجیدگی سے غور کریں تاکہ آنے والے وقت میں لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔