مودی نے ہندواڑہ میں شہید ہوئے جوانوں کو خراج عقید ت پیش کیا
یواین آئی
نئی دہلی؍؍ وزیراعظم نریندر مودی نے جموں کشمیر کے ہندواڑہ میں دہشت گردوں کے ساتھ تصادم میں جان گنوانے والے جانباز فوجیوں اور سلامتی دستوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ملک ان کی شہادت کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ مسٹر مودی نے شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ان کے جذبہ اور شہادت کو ملک کبھی نہیں بھولے گا۔ جانبازوں نے ملک اور شہریوں کی حفاظت کے لئے اپنی جان قربان کردی۔ میری شہید جانبازوں کے اہل خانہ اور دوستوں سے دلی تعزیت ہے ۔خیال رہے کہ ہندواڑہ میں اتوار کو ہوئے اس تصادم میں ایک کرنل سمیت پانچ جانباز شہید ہوگئے جبکہ دو دہشت گرد مارے گئے ۔ اس تصادم میں فوج کے دو افسر، دو جوان اور پولیس کا ایک سب انسپکٹر شہید ہوگئے ۔ شہیدوں میں کرنل آشوتوش شرما، میجر انوج سود، راشٹریہ رائفلس کی 21ویں بٹالین کے نائک راجیش اور لانس نائک دنیش اور پولیس سب انسپکٹر شکیل قاضی شامل ہیں۔