کشمیر میں موسم خوشگوار لیکن اگلے ہفتے بارشیں متوقع

0
0

یواین آئی

سرینگر؍؍وادی کشمیر میں سہانے اور خوشگوار موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 4 مئی سے 7 مئی تک گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں ہونے کی توقع ہے۔متعلقہ محکمہ نے کسانوں بالخصوص باغ مالکان سے چار مئی سے قبل ہی باغوں کی دوا پاشی کرنے کی ہدایات دی ہیں تاکہ کسی بھی قسم کے نقصان سے بچا یا جاسکے۔وادی کشمیر میں فی الوقت موسم بہت ہی سہانا اور خوشگوار ہے اور ہر سو سبزے کی چادر بچھی ہوئی ہے۔ میوہ درختوں پر برجستہ شگوفے پھوٹے ہوئے ہیں جبکہ دوسرے درخت بھی سرسبز و شاداب پتوں کی چادروں میں لپٹے ہوئے ہیں۔دیہات میں لوگ کھیت کھلیانوں اور باغوں میں مختلف کاموں کے ساتھ مصروف ہیں لیکن کورونا وائرس کے پیش نظر جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے سیاحتی مقامات ہوں یا مغل باغات یا دوسری چھوٹی بڑی پارکیں سرسبز و شاداب ہونے کے باوصف بھی سنسان ہیں۔وادی میں اپریل اور مئی کا موسم اس قدر معتدل ہوتا ہے کہ پنکھے چلانے کی ضرورت ہوتی ہے نہ کانگڑیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ ماہ اپریل کے اوائل سے ہی کسان باقاعدہ کھیتی باڑی کا کام شروع کرتے ہیں۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 13.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 9.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور 5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت 10.9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ اور کوکر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 13.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور 11.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا