لاک ڈائون کی وجہ سے ہماچل میں درماندہ تھے،سبھی کا تعلق کشمیر سے
حافظ قریشی
لکھن پور؍؍جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے 150 افراد جو ہماچل پردیش میں درماندہ تھے کو لکھن پور سے یہاں جموں و کشمیر میں داخل کیاگیا ۔واضح رہے یہ درماندہ مسافر لاک ڈائون جیسی صورتحال کی وجہ سے بیرونی ریاستوں میں درماندہ ہو کر رہ گئے تھے کو یہاں لکھن پور سے اپنے آبائی اضلاع میں بھیجا گیا ہے ۔اس ضمن میں ضلع ترقیاتی کمشنر او پی بھگت نے بتایا کہ آج کے گروپ میں شامل تمام افراد کا تعلق کشمیر سے ہے جنکی یہاں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملہ کی ایک ٹیم نیسکریننگ کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان مسافروں سے لکھن پور میں خود کی اطلاع کا فارم بھی بھرنے کو کہا گیا جس میں ان کی ذاتی معلومات ، سفر کی تاریخ اور اس بات کی نشاندہی کی گئی تھی کہ وہ کووڈ-19 کی کوئی علامت ظاہر کررہے ہیں۔وہیں ضلعی انتظامیہ نے ایس آر ٹی سی بسوں کے ایک قافلے کا بندوبست بھی کیا تاکہ ان افراد کو ان کے اپنے اضلاع میں روانہ کیا جاسکے جہاں انھیں انتظامی قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ ڈی ڈی سی نے بتایا کہ مسافروں کو الگ الگ اضلاع میں بھیجنے کیلئے مختلف اضلاع کے لئے مختلف بسیں براہ راست لکھن پور سے بھیجی جائیں گی۔ اس موقع پر ایس ایس پی ، شیلندر مشرا بھی موجو دتھے جنہوں نے دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کہ وہ احتیاطی تدابیر کو لازمی بنائیں ۔