پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے بے گھر ہوئے لوگوں کو ریزرویشن دی جائے :منجیت سنگھ
لازوال ڈیسک
وجے پور؍؍سابق وزیر و سینئر مہہاجر لیڈر منجیت سنگھ نے یہاں اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے بے گھر ہونے والے لوگوں کو علیحدہ کرنے کے بجائے انہیں ریزرویشن دی جائے ۔موصوف نے اس ضمن میں حکومت کو ہدف تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بے گھر ہوئے لوگوں نے اپنے سینوں پر ہمیشہ گولیاںکھائی ہیں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور گزشتہ ستر برسوں سے لوگ ووٹ بنک جیسی سیاست کا شکار ہوئے ہیںجبکہ ہر شخص نے ان کے ساتھ بے ایمانی کی ہے ۔موصوف نے کہا کہ ان بے گھر ہوئے لوگوں کی فریاد کسی نے نہ سنی اور ہمیں ان کیلئے کھڑا ہونے کی ضرورت ہے تاکہ حکومت ان کے ریزرویشن کے مطالبات کو سماعت کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ ووٹ بنک نہیں ہیں ،یہ انسان ہیں اور ہمیں ان کے حقوق فراہم کرنے چاہئے ۔منجیت سنگھ نے کہا کہ جموں صوبے کی سرحدوں پر آباد اس بڑی آبادی کو ہم کس طرح نظر انداز کر سکتے ہیں جو چھمب اور پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے اٹھ کر آئے ہیں ،ان کی قربانیوں نے فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔ان کو ریزرویشن دی جانی چاہئے اور ہم اس کی خاطر لڑائی لڑیں گے۔سابق وزیر نے کہا کہ ان سرحدی باشندگان کے بچے تعلیم کسیے حاصل کر سکیں گے جبکہ اکثر اوقات پڑوسی ملک کے کرتوتوں کی وجہ سے اسکول مقفل رہتے ہیں ۔موصوف نے کہا کہ ان لوگوں نے برسوں تک لڑائی لڑی ہے اور حکومت نے ان کو ہمیشہ نظر انداز کیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ سرحدی علاقہ جا ت میںچار فیصدریزرویشن ہے اور اسے بڑھا کر دس فیصد کرنا چاہئے ۔موصوف نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر بے گھر ہوئے لوگوں کے حقوق نہیںدئے جائیں گے تو وہ سرکاری کی پالیسیوں کے خلاف سڑکوں پر اتریں گے۔