اجتماعی افطار ‘رمضان پروگرامس سے بچیں:گرانڈ مفتی آف انڈیا
عبد الکریم امجدی
کالی کٹ// رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر گرانڈ مفتی آف انڈیا اور جامعہ مرکز الثقافةالسنیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ابوبکر احمد نے آج یہاں کالی کٹ میں پریس کانفرنس کے موقع پر ملک بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان میں لوک ڈاﺅن پر عمل کرتے ہوئے روزہ ،نمازاور تراویح جیسے اہم امور کو انجام دیں ۔ شیخ نے کہاکہ کرونا کی وبا ءپوری دنیا میں پھیلتی جارہی ہے ،ایسے میں ہم تمام باشندگان کے لئے ضروری ہے کہ حکومت کے ذریعہ نافذ کئے گئے قوانین پر عمل کریں ۔انہوں نے کہاکہ مسلمان رمضان المبارک میں تراویح اپنے گھروں میں ادا کریں ، مسجد میں صرف دو چار لوگ جائیں وہ بھی سماجی فیصلہ کو قائم رکھتے ہوئے ۔بقیہ لوگ تنہا یا جماعت سے اپنے گھروں میں تراویح کی نماز اداکریں ، انہوںنے کہاکہ رمضان میں کسی طرح کی کوئی تقریب ،افطار پارٹی ، رمضان وعظ ہر گز نہ کریں ۔یہ ایک مشکل گھڑی ہے ہمیں اس میں لاک ڈاﺅں پر عمل کرتے ہوئے مذہبی فرائض انجام دینا ہوگا ۔ تاکہ کرونا جیسی مہلک بیماری سے نجات ملے ۔گرانڈ مفتی آف انڈیا نے کہاکہ صاف صفائی کا خاص خیال رکھیں ،اور رمضان کے مقدس مہینہ میں ملک کے حق میں دعا کریں ،بالخصوص ڈاکٹرس،نرسزاور حفاظتی عملہ جو اپنی زندگی کو قربان کرکے انسانیت کے فرائض کو انجام دے رہے ہیں ۔انہوںنے اہل ثروت سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے آس پاس حاجت مندوں کا ضرور خیال رکھیں ، سرکاری تعاون کے ساتھ سماجی تعاون بھی ضروری ہے ۔پولس ،پرساشن اور سرکاری عملہ کا احترام کریں ،ان کے ساتھ اچھے سلوک کا مظاہرہ کریں ۔کثرت سے صدقات وخیرات اور توبہ استغفار کریں ۔