فاقہ کشی سے بچا کر انہیں گھر واپس پہنچایا جائے:شاہنواز چوہدری
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں وکشمیرکانگریس کے جنرل سیکریٹری شاہ نوازچوہدری نے یہاں اپنے ایک بیان میں کووڈ 19کو مد نظر رکھتے ہوئے کہا کہ چودہ اپریل کے بعد لاک ڈائون کا خاتمہ ہونے کی امیدیں وابستہ ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں کئی لوگ گھروں سے دور پھنسے ہوئے ہیں ۔اسی سلسلہ میں جموں وکشمیرکانگریس کے جنرل سیکریٹری شاہ نوازچوہدری نے کہا کہ طلبا،مزدور ،درماندہ اورمصیبت زدہ لوگوں کو 14اپریل بعد انہیں گھر پہنچایاجائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پندرہ ہزار کے لگ بھگ جموں وکشمیر کے لوگ درماندہ ہیں جن میں اکثریت مزدور طبقے کی ہے جو چارپانچ ماہ مزدوری کیلئے ہماچل، ہریانہ،پنجاب ،راجستھان وغیرہ جاتاہے اور اس وقت کئی ساری مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ دوسری بڑی تعداد طلبہ کی ہے جو علم کی پیاس بجھانے کی غرض سے بیرینی ریاستوں میں گئے تھے اور اب درماندہ ہو کر رہ گئے ہیں انہیں بھی گھر واپس پہنچانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔موصوف نے مزید کہا کہ سرحدی اضلاع راجوری اورپونچھ کے بہت لو گ اس وقت درماندہ ہو کر رہ گئے ہیںجو بیرونی علاقہ جات میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔چوہدری نے ایل جی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ درماندہ افراد کو فاقہ کشی سے بچاکرواپس گھر پہنچایاجائے۔