اب تک 207 مثبت معاملات سامنے ،46,158اَفراد زیر نگرانی ہیں
یواین آئی
جموں؍؍حکومت نے کہا ہے کہ آج تک کووِڈ ۔19 کے 207 مثبت معاملات کی تصدیق ہوئی ہیں ۔حکومت نے مزید کہا ہے کہ اب تک ایسے 46,158 اَفراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا یا تو سفری پس منظر ہے یا وہ مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے روزانہ میڈیا بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے 207 مثبت معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے 197سرگرم معاملات ہیں ۔ 6مریض شفایاب ہوئے اور چار کی موت واقع ہوئی ہے ۔ اب تک7,726 اَفراد کو ہوم کورنٹین میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے کورنٹین مراکز بھی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ415 اَفراد کو ہسپتال کورنٹین میں رکھا گیا ہے۔197کو ہسپتال آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ 27,891 اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اسی طرح بلیٹن کے مطابق9,925اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔بلیٹن کے مطابق 10؍اپریل 2020ء کی شام تک 2754 نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے ۔بلیٹن کے مطابق ضلع سری نگر میں اب تک کورونا وائر س کے 51 معاملات کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے 49 سرگرم معاملات ہیں ۔ایک مریض صحتیاب ہوا ہے جبکہ ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔اُدھر بانڈی پورہ میں اب تک 36 مثبت معاملات سامنے آئے ہی جن میں سے 33 سرگرم معاملات ہیں ، دو مریض صحتیاب ہوئے ہیںجبکہ ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔ضلع بارہمولہ میں اب تک کورونامریضوں کی تعداد 30 ہوئی ہیں جن میں سے 29سرگرم معاملات ہیں اور ایک مریض کی موت واقع ہوئی ہے۔اِدھر بڈگام میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد اب تک 10ہوئی ہیں ۔پلوامہ ضلع میں کووِڈ ۔19کے تین معاملات کی تصدیق ہوئی ہے ۔ضلع شوپیان میں 13 مثبت معاملات سامنے آئے ہیں۔گاندربل ضلع میں کورونا وائرس سے متاثرہ اَفراد کی تعداد اب تک 2، کولگام ضلع میں تین جبکہ جموں ضلع میں 6 ہوئی ہیں۔اسی طرح اودھمپور ضلع میں اب تک کورونا مریضوں کی کُل تعداد 17 ہوئی ہیں جن میں سے 16معاملات سرگرم ہیں جبکہ ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔دریں اثنأ راجوری ضلع میں کورونا کے اب تک تین مریض پائے گئے ہیں جن کا علاج جاری ہے جبکہ کشتواڑ ضلع میں اب تک ایک معاملے کی تصدیق ہوئی ہے اور یہ مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوا ہے۔جموں وکشمیر میں کورونا وائر س میں مبتلا پائے گئے غیر ریاستی باشندوں کی کل تعداد اب تک 19پہنچ گئی ہیں جن میں سے 17معاملات سرگرم ہیں جبکہ دو مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔میڈیا بلیٹن میں جاری کی گئی ایڈوائزری کے مطابق سگریٹ / بی ڈی / حقہ یا تمباکو نوشی کی دیگر عادات کے نتیجے میں کووِڈ ۔19 کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ تمباکو نوشی ، پھیپھڑوں ، دِل اور جسم کے دیگر اعضاء کو نقصان پہنچاتا ہے ۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ تمباکو نوشی ترک کریں۔لوگوں سے تلقین کی گئی ہے کہ وہ مرکزی حکومت کی جانب سے تیار کئے گئے آروگیاسیتو موبائیل ایپلیکشن کا استعمال کریں جس میں بلیو ٹرتھ اور جی پی ایس کے ذریعے خطرات کے بارے میں جانکار ی ملتی ہے۔اِس ایپلکیشن کو استعمال کرنے والوں کو ضروری ہدایات بھی دی جاتی ہیں۔ اس ایپلیکیشن کو پلے سٹور اور ایف سٹور سے ڈاون لوڈ کیا جاسکتا ہے۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھروں میں ہی رہیں اور سماجی دُوری کو برقرار رکھیں۔ اُن سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ سفری تفاصیل یا مثبت معاملے کے ساتھ رابطے کو رضاکارانہ طور پر رِپورٹ کریں۔عوام کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور ہسپتالوں کا دورہ نہ کریں اور بخار، کھانسی یا سانس لینے میں مشکل آنے کی صورت میں ہی طبی صلاح لیں ۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے ہیلپ لائین نمبرات پر صلاح و مشورہ کے لئے رابطہ قائم کریں۔دریں اثنا لوگ کسی بھی ایمرجنسی کے دوران چوبیس گھنٹے کام کرنے والی مفت ایمبولنس خدمات سے اپنی دہلیز پر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔اس ایمبولنس خدمت کا ٹول فری نمبر ہے 108 ۔حاملہ خواتین اور بیمار بچے ٹول فری نمبر 102 پر کال کر کے مفت ایمبونس خدمات سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ لوگ عام قومی سطح کے ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 1075 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ 0191-2549676 ( جموں کشمیر کیلئے ) ،,0191-2674444,0191-2674115 0191-2520982 ( صوبہ جموں ) ، 0194-2440283 اور 0194-2430581 ( صوبہ کشمیر ) کیلئے قائم کئے گئے ہیں اور لوگ نوول کوروائرس سے متعلق جانکاری ان نمبرات پر حاصل کرسکتے ہیں۔ذاتی صفائی ستھرائی کے حوالے سے ایڈوائزری میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بار بار صابن اور پانی سے ہاتھ دھوئیں اور کھانسی چھینکتے وقت اپنا منھ ڈھانپ لیں۔لوگوں سے کہا کیا ہے کہ وہ حکومت کی طرف سے وقتاً فوقتاً جاری کی جانے والی ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں۔ لوگوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ سرکار کی جانب سے فراہم کی جانے والی جانکاری پر ہی بھروسہ کریں۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ نہ افواہیں پھیلائیں اور نہ اُن پر کان دھریں