بانڈی پورہ میںمرحوم کووڈ ۔ 19کے مریض کے11افراد خانہ کے ٹیسٹ مثبت
لازوال ڈیسک
جموں/سرینگرجموں وکشمیر میں کورونا وائرس کی وباءمیں آئی شدت کے بیچ جمعرات کو مزید24نئے مثبت معاملے سامنے آنے سے عوامی اضطراب میں مزید اضافہ ہوا ۔سرکاری ترجمان، روہت کنسل نے نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سبھی نئے کیسز کشمیر سے سامنے آئے ہیں ،جسکے ساتھ ہی یہاں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 184ہوگئی ۔حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے روزانہ میڈیا بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ جموں وکشمیر میں مزید کورونا کیسز سامنے آئے ہیں ۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 50سے زیادہ نئے کیسز جموں وکشمیر میں سامنے نئے کیسز میں 54کا تعلق کشمیر سے ہے ۔کشمیر میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے سے لوگوں میں خوف ودہشت میں اضافہ ہورہا ہے ۔حکومتی ترجمان ،روہت کنسل نے کہا کہ کشمیر میںمزید24افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں اب متاثرین کی تعداد بڑھ کر184ہوگئی جن میں سے32جموں اور152کشمیر میں ہے ۔ان کا کہناتھا کہ سبھی متاثرین کے رابطے ہیں جنکی نشاندہی کی جارہی ہے جبکہ متاثرہ افراد پہلے سے وائرس میں مبتلاءافراد کیساتھ رابطے میں رہ چکے ہیں ۔اس دوران وادی کشمیر میں تیسرے مرحوم کووڈ۔19مریض کے11افراد خانہ کے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاعات ہیں ۔ذرائع سے معلو م ہوا ہے کہ بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے مذکو رہ مریض کے افراد خانہ اس وبا کی زد میں آگئے ہیں ۔یاد رہے کہ گنڈ جہانگیر بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے شہری نے صدر اسپتال سرینگر میں زندگی کی آخری سانس لی تھی ۔مذکورہ شہری کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا ۔ذرائع کا کہناہے کہ مذکورہ شہری کی موت کے بعد پولیس نے نجی اسپتال کے خلاف غفلت برتنے پر ایف آئی آر درج کی ہے ۔اس اسپتال کو سیل کرکے قرنطینہ مرکز میں تبدیل کیا گیا ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ مرحوم کے سبھی اہلخانہ اور دیگر ہمسایوں کو یہی قرنطینہ میں رکھا گیا اور اُنکے نمونے جانچ کےلئے لئے گئے ۔معلوم ہوا ہے کہ جمعرات کو مرحوم کے11افراد خانہ کے ٹیسٹ مثبت آئے جن میں معصوم بچے بھی شامل ہے ۔ نوڈل افسر شاہنواز بخاری نے اسکی تصدیق کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرحوم کے11افراد خانہ جن میں6خواتین بھی شامل ہیں ،کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ۔اس خبر سے حاجن علاقے میں خوف ودہشت کی لہر دوڑ گئی ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ حکومتی ترجمان کی جانب سے کشمیر میں جمعرات کو 24نئے کیسز کی تصدیق ہونے کیساتھ ہی 12افراد کا تعلق بانڈی پورہ سے ہے ،جن کے ٹیسٹ مثبت آئے جبکہ 8کا تعلق ٹنگمرگ سے ہے ۔یہ پہلا کیس نہیں کہ افراد خانہ کورونا وائر س میں مبتلاءہوئے بلکہ اس سے قبل نٹی پورہ سرینگر سے تعلق رکھنے والے متاثرہ شہری کے معصوم نواسے بھی اسکی زد میں آگئے ۔تنگمرگ کیس میں بھی ایسا ہی کچھ دیکھنے کو ملا ۔