نماز معراج کا خصوصی تحفہ ہے، مولانا محمدجمال الدین رشادی

0
0

لازوال ڈیسک

20۔مارچ2020 ؁ء نماز جمعہ سے قبل ممتاز عالم دین حضرت مولانا محمد جمال الدین صاحب صدیقی رشادی مہتمم مدرسہ عربیہ تعلیم الدین گنگانگر بنگلور32نے خطبہ جمعہ میںواقعہ معراج النبی ﷺ کی عظمت اور خصوصیت کے موضوع پر بصیرت افروز خطاب کرتے ہوئے فرمایا واقعہ معراج رب العالمین کی طرف سے سرکار دو عالم امام الانبیاء و المرسلین، رحمت للعالمین، خاتم النبینﷺ کیلے ایک عظیم الشان معجزہ ہے، اور یہ اتنا مہتمم بالشان ہے جو آپ ﷺسے پہلے ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاء کرام علیھم السلام دنیا میں تشریف لاے، آپ ﷺکے علاوہ کسی بھی نبی اور رسول کو یہ مقام و مرتبہ اور یہ معجزہ عطا نہیں کیا گیاہے، اﷲ تعالیٰ نے قرآن مجید میں سورہ بنی اسرائیل کی ابتدائی آیات میں اس عظیم واقعہ معراج النبیﷺ کا ابتدائی حصہ بیان فرمایا ہے، وہ ذات پاک ہے جو اپنے بندے حضرت محمدﷺ کو رات کے وقت مسجد الحرام مکۃ المکرمہ سے مسجد الاقصیٰ بیت المقدس تک سفر کرایا جس کے آس پاس ہم نے دینی اور دنیوی برکتیں رکھی ہیں، دینی برکت یہ ہے وہاں بکثرت حضرات انبیاء کرام علیھم السلام مدفون ہیں اور دنیوی برکت یہ ہے باغات، نہریں، چشموں اور پیداوار کی کثرت تاکہ ہم ان کو اپنے کچھ عجائبات قدرت کے دکھلائیں بیشک اﷲ تعالیٰ بڑے سننے والے اور بڑے دیکھنے والے ہیں، مولانا نے دوران خطاب فرمایااس اٰیت شریفہ میں واقعہ معراج کاجو بیان ہے رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کا ایک خصوصی اعزاز اور امیتازی معجزہ ہے، مسجد الحرام سے مسجد الاقصیٰ تک کا سفر جس کا یہاں ذکر ہے اس کو اسریٰ کہتے ہیں اور یہاں سے جو سفر آسمانوں کی طرف ہواہے اس کو معراج کہتے ہیں اور معراج کا ذکر سورۃ النجم کی اٰیات میں تفصیل سے ہے، واقعہ معراج النبیﷺ احادیث متواترہ سے ثابت ہے، مولانا نے دوران خطاب فرمایا معراج کی رات سرکاردو عالم ﷺ اﷲ تعالیٰ کی بارگاہ قدس میں پہنچے آپؐ کا عظیم المرتبت سفر قطعی جسمانی تھا آپ ﷺ خالق کائنات رب العالمین کے دیدار سے مشرف ہوے اور ا ﷲ تعالیٰ سے ہم کلام ہوئے گفتگو فرمائی یہ وہ شرف عالی اور سعادت کبریٰ ہے جو نہ کسی رسول اور نہ کسی نبی اور نہ کسی فرشتے کو حاصل ہو ا ہے یہ آپ کا سب سے بڑا اعزاز و اکرام ہے جو آپ ﷺ کو رب کی طرف سے عطا کیا گیا ہے، امام الانبیاء و المرسلین تاجدار مدینہ احمد مجتبیٰ محمد مصطفی صلی اﷲ علیہ وسلم سفر معراج سے واپس آئے تو اپنی امت کیلے اﷲرب العزت کے دربار سے بہت سارے احکامات اورانعامات لیکر آے، نماز معراج کا ہی خصوصی تحفہ ہے، نماز مومنوں کی معراج ہے، واقعہ معراج کی برکت سے ہر مسلمان کو رات ا ور دن میں پانچ مرتبہ اﷲ کے قرب کو حاصل کرنے کا موقع ملا ہے، حدیث میں ہے انسان سب سے زیادہ اﷲ تعالیٰ کے قریب اس وقت ہوتا ہے، جب بارگاہ خداوندی میں سجدہ ریز ہوتا ہے، رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ و سلم کے اعلیٰ وارفع، مقام ومرتبہ کے مطابق آپ ﷺ کو معراج نصیب ہوئی ہے، پاک پروردگار کا ہم پر کس قدر فضل وکرم، انعام و احسان ہے اپنے حبیب محبوب دو جہاںﷺ کے صدقے میں ہمیں محروم نہیں فرمایابلکہ نماز کے ذریعہ خود سے ہمیں ہم کلام ہونے کی لازوال نعمت عظمیٰ بخشی ہے، یادرکھیں پانچ وقت کی نمازوں کے اہتمام سے ہی بندگان مومن کو معراج نصیب ہوتی ہے، مولانا نے دوران خطاب فرمایا ہم واقعہ معراج النبی ﷺکا تذکرہ تو بڑے ہی اہتمام سے کرتے ہیں، بڑے ہی ذوق وشوق، الفت ومحبت سے کہتے اور سنتے ہیں، اﷲ ہمیں عمل کی توفیق عطا فرماے، لیکن افسوس تو اس بات کا ہے ہم معراج النبی ﷺکے احکامات اور انعامات کو بھول جاتے ہیں، آج ہماری زندگی احکامات خداوندی اور شریعت محمدیﷺسے خالی ہے، ہم رسم و رواج، من گھڑت باتوں پر جان و دل سے فدا ہیں اور یہ سمجھ بیٹھے ہیں ہم سے ہمارا رب راضی اور خوش ہے ،حقیقت یہ ہے یہ تو خام خیالی اور دیوانہ پن ہے، اﷲ تعالیٰ ہمیں توفیق دے خاص طور پر نمازوں کا اہتمام کرکے ہم اپنے پا ک پروردگار کاقرب اور رضا حاصل کرنے واے بنیں۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا