مت گھبرائیں’جنتاکرفیو‘کویقینی بنائیں

0
0

لیفٹیننٹ گورنر نے کووِڈ ۔19 سے بچائو کے سلسلے میں کی جارہی تیاریوں کا جائزہ لیا
لازوال ڈیسک

جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرمرمو نے کووِڈ۔19 کورونا وائرس کے پھیلائو کے عمل کو روکنے کے سلسلے میں احتیاطی طور سماجی دور ی برقرار رکھنے اور اِس وبا سے نہ گبھرانے کی اپیل کی۔22؍ مارچ 2020ء کو وزیر اعظم کی طرف سے جاری کی گئی اپیل میں ’’ جنتا کرفیو‘‘ یقینی بنانے کے اعلان کے ستائش کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا کہ اُنہوں نے اِس وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر کے باشندوں کو یقین دلایا کہ یونین ٹریٹری میں اس وبا سے بچائو یقینی بنانے کے سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ انتظامیہ عوام کی بہبودی اور تحفظ یقینی بنانے کے لئے چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنرنے اس موقعہ پر ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران کووِڈ ۔ 19سے نمٹنے کے لئے کی جارہی تیاریوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ،صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر اتل ڈولوکے علاوہ متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ہیلتھ ورکروں ، سیکورٹی فورسز اور ضروری خدمات فراہم کرنے والے عملے کی کوششوں کی سراہنا کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی کوششوں میں تعاون فراہم کرنے کے علاوہ 22؍ مارچ جنتا کرفیومیں مکمل طور پر شرکت کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یونین ٹریٹری میں اشیائے ضروریہ و دیگر خدمات کی کوئی کمی نہیں تاہم اُنہوں نے لوگوں کو خبر دار کیا کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں کی طرف دھیان نہ دیں اور حکومت کی طرف سے جاری کئے جارہے اطلاعات پر بھروسہ کریں۔انہوں نے افواہ بازوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کی یقین دہانی کی جو غلط طریقے سے لوگوں کو گمراہ کرنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا