کشمیر میں اب تک کسی بھی مشتبہ مریض کا کورونا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا: ڈاکٹر آہنگر
یواین آئی
سرینگر؍؍ شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اے جی آہنگر نے کہا کہ وادی کشمیر میں اب تک کسی بھی مشتبہ مریض کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت نہیں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھبرانے اور ڈرنے کی نہیں بلکہ وقت وقت پر جاری کی جانے والی ہدایات و ایڈوائزیز پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر آہنگر نے بدھ کے روز سری نگر کے مضافاتی علاقہ صورہ میں واقع سکمز میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ‘وادی کشمیر میں اب تک کسی بھی مشتبہ مریض کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت نہیں آیا ہے۔ گھبرانے اور ڈرنے کی نہیں بلکہ وقت وقت پر جاری کی جانے والی ہدایات اور ایڈوائزیز پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے’۔ڈائریکٹر سکمز نے کہا کہ ہسپتال ھٰذا سے اب تک 21 مشتبہ مریض رجوع کرچکے ہیں جن میں سے 19 کا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا ہے جبکہ باقی دو کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔ انہوں نے کہا: ‘ہمارے پاس کورونا وائرس کے اب تک 21 مشتبہ مریض آئے ہیں۔ ان میں سے ہم نے چار مریضوں کو ہسپتال سے رخصت کیا ہے۔ گھروں میں انہیں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ ان کے ساتھ فون پر بات ہوتی رہتی ہے اور ان سے ان کی طبیعت کے بارے میں پوچھا جاتا ہے۔ جو باقی 17 مشتبہ مریض ہیں ان میں سے 15 کو ہسپتال میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ ان کے کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ وہ بالکل تندرست ہیں۔ انہیں معمولی بیماریوں کا سامنا ہے جس کے لئے ان کا علاج ومعالجہ چل رہا ہے’۔ انہوں نے مزید کہا: ‘اب جو دو مشتبہ مریض بچتے ہیں ان کو علاحدگی وارڈوں میں رکھا گیا ہے۔ ان کے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔ ان کی رپورٹ موصول ہوتی ہی ان کا آئندہ کا علاج شروع ہوگا’۔