پوری دنیا ’ کورونا وائرس ‘ کی لپیٹ میں آگئی

0
0

عالمی سطح پر ہلاکتوں کی تعداد 2979 ہوگئی
امریکا، آسٹریلیا، تھائی لینڈ میںسے پہلی ہلاکت کی تصدیق
کورونا سے متاثرہ ایرانی رکن پارلیمنٹ ہلاک، نائب صدر کی حالت تشویش ناک
کے این ایس
سرینگر؍؍عالمی تنظیم صحت کا کہنا ہے کہ ہر روز کرونا وائرس کے نئے اور زیادہ سے زیادہ کیسز اب چین سے باہر سامنے آ رہے ہیں۔تنظیم کے سربراہ ٹیڈروس ادھانم گیبریسز نے جنیوا میں سفارت کاروں کو بتایا کہ چین کے مقابلے اب دیگر ممالک میں نئے کیسز کی تعداد زیادہ ہے۔اس دوران امریکا ،آسٹریلیا اور تھائی لینڈ میں سے پہلی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ عالمی سطح پر ہلاکتوں کی تعداد2979ہوگئی ۔کشمیر نیوز سروس(کے این ایس ) مانیٹر نگ ڈیسک کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکیوں کو کورونا وائرس سے نہ ڈرنے کی تجویز دینے کے ساتھ ہی امریکا میں اس وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آگئی۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صحت حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں ہلاک ہونے والے شخص کا کورونا وائرس سے متاثرہ علاقوں سے کوئی تعلق نہیں جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ وائرس کمیونٹیز میں پھیل رہا ہے۔امریکی ریاست واشنگٹن کے سب سے گنجان آباد علاقے کنگ کاؤنٹی میں ہونے والی ہلاکت سامنے آئی۔مقامی صحت حکام کا کہنا تھا کہ’متاثرہ مریض 50 سال سے زائد عمر کا تھا اور اس کی صحت پہلے ہی سے ٹھیک نہیں تھی‘۔آسٹریلیا میں پہلی ہلاکت:دوسری جانب آسٹریلیا کے مغربی شہر پرتھ کے ایک ہسپتال میں کورونا وائرس کے مریض کی ہلاکت سامنے آئی۔برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مغربی آسٹریلیا کے چیف ہیلتھ افسر اینڈریو رابرٹ سن کا کہنا تھا کہ78 سالہ شخص کو جاپان کے ڈائمنڈ پرنس بحری جہاز سے دیگر150 آسٹریلوی شہریوں سمیت لا کر قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔حکام کے مطابق مذکورہ شخص کی اہلیہ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئیں تاہم ان کی حالت بہتر ہورہی ہے۔گزشتہ روز آسٹریلیا نے ایران میں پھیلتے ہوئے وائرس کے پیش نظر وہاں سے آنے والے تمام غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔ایران سے امریکا سفر کرنے پر مکمل پابندی: کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے باعث امریکی صدر اور دیگر حکام نے اعلان کرتے ہوئے ایران سے سفر کرنے والے افراد پر مکمل پابندی عائد کردی اور امریکیوں کو اٹلی اور جنوبی کوریا جیسے کورونا وائرس سے بری طرح متاثر علاقوں میں جانے سے گریز کرنے کی سفری تجاویز جاری کیں۔اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے نائب صدر مائیک پنس کا کہنا تھا کہ ایران پر سفری پابندی کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے گزشتہ14 روز میں ایران کا دورہ کرنے والے کسی بھی غیر ملکی شہری کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکا کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں ایران کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے اور اس کے لیے صرف انہیں ہم سے مدد طلب کرنی پڑے گی۔تھائی لینڈ میں وائرس سے پہلی ہلاکت:تھائی لینڈ میں بھی کورونا وائرس سے35 سالہ شخص ہلاک ہوگیا۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے شخص کو پہلے ہی ڈینگی بخار تھا۔ کورونا وائرس کا مرکز چین :اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا گیا۔چین میں ایک ہفتے تک وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد دوبارہ 573 نئے کیسز سامنے آئے۔چین کے علاوہ جنوبی کوریا میں بھی یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران376 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد کل کیسز کی تعداد3ہزار 526 ہوگئی۔ایران میں کورونا وائرس: ایک میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران میں کورونا وائرس سے متاثرہ رکن پارلیمنٹ کی ہلاکت کے بعد وہاں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر43 ہوگئی ہے جب کہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی بڑھ کر 593 تک پہنچ گئی ہے۔ایران میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 9افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں نو منتخب رکن پارلیمنٹ بھی شامل ہے۔عرب نشریاتی ادارے ’العربیہ‘ کے مطابق نو منتخب رکن پارلیمنٹ محمد علی رمضانی گزشتہ روز نزلہ اور سانس لینے میں دشواری کے باعث چل بسا۔رپورٹ کے مطابق محمد علی رمضانی کورونا وائرس سے متاثر تھے تاہم ایرانی عہدیداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ وائرس سے صحت یاب ہوچکے تھے۔رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ نو منتخب رکن پارلیمنٹ نزلہ، زکام اور سانس میں دشواری کے مسائل کے سبب چل بسے۔عرب نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ رکن پارلیمنٹ کی ہلاکت کے بعد ملک میں خوف پھیل گیا جب کہ وائرس سے متاثرہ دیگر 4 ارکان پارلیمنٹ سمیت نائب وزیر صحت اور نائب صدر کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔برطانوی اخبار ’دی انڈیپینڈنٹ‘ کے مطابق ہلاک ہونے والے ایرانی رکن پارلیمنٹ کے حوالے سے نیم سرکاری ادارے نے بتایا کہ محمد رمضان انلوئنزا کی وجہ سے چل بسے۔رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ محمد رمضان کو انلوئنزا کی دیرینہ بیماری تھی اور کچھ عرصہ قبل ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی کیا گیا مگر ان میں وائرس کی نشاندہی نہیں ہوئی تھی۔برطانوی اخبار کے مطابق ایران سے متعلق خبریں ہیں کہ وہاں پر کورونا وائرس کی وجہ سے200 سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں تاہم ایرانی حکام ہلاکتوں کی تعداد کو چھپا رہے ہیں۔کورونا وائرس سے متعلق زیادہ ہلاکتوں کی خبریں شائع ہونے کے بعد ایرانی حکام نے بتایا کہ ملک میں اب تک صرف 43 ہلاکتیں ہوئی ہیں اور متاثرہ افراد کی تعداد593 ہے۔جہاں ایران میں ہلاکتوں اور متاثرہ افراد میں اضافہ ہو رہا ہے، وہیں عالمی سطح پر بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور یکم مارچ کی دوپہر تک دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد 86 ہزار 986 تک پہنچ چکی تھی۔کورونا وائرس سے دنیا بھر میں یکم مارچ کی دوپہر تک 2 ہزار979 ہلاکتیں ہو چکی تھیں اور امریکا، آسٹریلیا و تھائی لینڈ نے پہلی ہلاکتوں کی تصدیق کی تھی۔عالمی سطح پر جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، وہیں دنیا بھر میں 42 ہزار576 افراد علاج کے بعد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔عالمی سطح پر ہلاکتوں کی تعداد:عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق چین میں اس وائرس سے اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد2 ہزار 870 ہے جبکہ مجموعی طو پر79 ہزار 824 کیسز سامنے آچکے ہیں۔کس ملک میں کتنے متاثر اور ہلاکتیں:ہانگ کانگ میں 94کیسز اور2 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔مکاؤ میں 10 کیسز سامنے آئے۔جنوبی کوریا میں 3ہزار526 کیسز اور17 ہلاکتیں ہوئی۔اٹلی میں ایک ہزار ایک سو 28 کیسز اور29 ہلاکتیں ہوئیں۔جاپان میں 9 سو47 کیسز سامنے آئے جن میں سے 7سو5 ڈائمنڈ پرنسس بحری جہاز سے سامنے آئے جبکہ 12 افراد ہلاک ہوئے۔ایران میں 593کیسز سامنے آئے اور43ہلاکتیں ہوئیں۔سنگاپور میں 102 کیسز سامنے آئے۔فرانس میں ایک سو کیسز اور2ہلاکتیں ہوئیں۔جرمنی میں 66 کیسز سامنے آئے۔متحدہ عرب امارات میں 19 کیسز سامنے آئے۔اس کے علاوہ ویتنام میں16 کیسز، ناروے میں 15، عراق میں13، سویڈن میں 13، سوئٹزرلینڈ میں 10، لبنان میں 7، نیدرلینڈز میں 7، کروشیا اور اومان میں 6،6، آسٹریا، اسرائیل اور روس میں 5،5، یونان اور پاکستان میں 4،4، فن لینڈ اور بھارت میں 3،3 کیسز، فلپائن میں 3 کیسز اور ایک ہلاکت، رومانیہ میں3، برازیل، ڈنمارک اور جارجیا میں2،2 کیسز سامنے آئے۔الجزائر، افغانستان، آرمینیا، آذربائیجان، بیلاروس، بیلجیئم، کمبوڈیا، ایکواڈور، مصر، استونیا، آئس لینڈ، آئر لینڈ، لیتھونیا، موناکو، نیپال، نیوزی لینڈ، نائیجیریا، شمالی مقدونیہ، قطر، سین مارٹینو، سری لنکا میں کورونا وائرس کے ایک ایک کیسز سامنے آئے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا