سیمی فائنل میں جگہ بنالی
جموں، (یو این آئی) بھارت کے سب سے بڑے ڈومسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ رانجی ٹرافی میں پیر کے روز کرناٹک نے میزبان ٹیم جموں وکشمیر کو 167 رنوں سے شکست دیکر سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنالی۔ کرٹانک کی جیت میں اہم کردار آف سپنر کرشناپا گوتم نے ادا کیا جنہوں نے سات وکٹیں لیں۔ کرناٹک نے میچ کے پانچویں دن یہاں گاندھی میموریل سائنس کالج گرائونڈ میں 245 رنوں کے اسکور کو آگے لے جاتے ہوئے 316 تک پہنچایا۔ جموں وکشمیر کی ٹیم جس کو جیتنے کے لئے 331 رن بنانے تھے محض 163 رن ہی بناسکی۔ کرٹانک کے لئے آف سپنر کرشناپا گوتم نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں لیں۔قبل ازیں جموں وکشمیر کے لئے عابد مشتاق نے 83 رن دیکر 6 وکٹیں لیں جبکہ کپتان پرویز رسول نے 88 رن دیکر تین وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کی پہلی اننگ میں کرٹانک کی ٹیم 69.1 ویں اوور میں 206 رنز کے اسکور پر آل آوٹ ہوئی تھی۔ تاہم جموں وکشمیر کی ٹیم 62.4 ویں اوور میں 192 رنز کے اسکور پر ہی آل آوٹ ہوئی تھی۔جموں وکشمیر ٹیم کے کپتان پرویز رسول نے کہا کہ ان کی ٹیم تھوڑی ناتجربہ کاری کی وجہ سے ہاری ہے اور مستقبل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا: ’رانجی ٹرافی میں ہمارے کھلاڑی نے جو کرکٹ کھیلی میں اس سے مطمئن ہوں۔ تھوڑی ناتجربہ کاری کی وجہ سے ہم یہ میچ ہار گئے۔ ہم نے کرناٹک جیسی ٹیم کو بہت اچھی فائٹ دی۔ یہ یکطرفہ میچ نہیں تھا بلکہ اس میں کافی اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ اس میچ سے ہمارے کھلاڑی بہت کچھ سیکھ گئے ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ جموں وکشمیر میں کرکٹ مضبوطی پکڑ رہا ہے‘۔ قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر کرکٹ ٹیم نے 6 برسوں کے بعد رانجی ٹرافی کے کوارٹر فائنل میں کوالیفائی کیا تھا اور جموں وکشمیر کو پہلی بار کوارٹر فائنل کی میزبانی کرنے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔یو این آئی