سکولوں کے نصاب میں روڈ سیفٹی کے موضوع پر مضمون متعارف کرنے کی ضرورت پر زور دیا
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مر مو نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ اور ٹریفک پولیس کے اعلیٰ افسروں کی ایک میٹنگ میں جموںوکشمیر میں روڈ سیفٹی مہم کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم اتل ڈولو، پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی دھیرج گپتا ، پرنسپل سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون ، منیجنگ ڈائریکٹر آر ٹی سی اویس احمد ، ٹرانسپورٹ کمشنر پردیپ کمار ، آئی جی پی ٹریفک ٹی نمگیال ،سیکرٹری اعلیٰ تعلیم طلعت پرویز ،چیئرپرسن جے کے بوس پروفیسر وینا پنڈتا اور دیگر کئی افسران موجود تھے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ٹریفک نظام کی بہتری کے لئے ٹریفک قوانین پر سختی کے ساتھ عمل درآمد اور ان قوانین کے بارے میں جانکاری عام کرنے پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ سڑک حادثات کی ممکنہ وجوہات کا جائزہ لیں اور اِن حادثات پر قابو پانے کے لئے اقدامات کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے شاہراہوں اور سرحدی علاقوں میں ٹراما سینٹر قائم کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے اِن پروجیکٹوں کے لئے ڈی پی آر تیار کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے گاڑیوں میں جی پی ایس نصب کرنے کے لئے کہا تاکہ مختلف سڑکوں پر گاڑیوں کی نقل وحمل اوررفتارپر نگاہ رکھی جاسکے۔اُنہوں نے شاہراہ پر پیٹرولنگ کے عمل میں اضافہ کرنے اور حساس علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرہ نصب کرنے کے احکامات دئیے۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر کی تمام سڑکوں پر ٹریفک کے متعلق سائن بورڈ نصب کرنے کی بھی ہدایت دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ڈرائیوروں کے ہیلتھ چیک اَپ کے لئے کئے جارہے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔سڑکوں سے ناجائز تجاوزات کو ہٹانے پر زور دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ اداروں کو اس عمل میں سرعت لانے اور محلہ کمیٹیوں کا تعاون حاصل کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے بس اڈوں او رریلوے سٹیشنوں سے بھی تجاوزات ہٹانے کے لئے کہا۔ پارکنگ کے تعلق سے لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسروں کو مختلف شہروں میں مزید پارکنگ مقامات قائم کرنے کے لئے مناسب جگہوں کی نشاندہی کرنے اور تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ تیار کرنے کے لئے کہا۔لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے اور ا س مقصد کے لئے پرنٹ او رالیکٹرانک میڈیا کا بھرپور استعمال کرنے کی ہدایت دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے سکولوں کے نصاب میں روڈ سیفٹی اور ٹریفک کے بارے میں حساسیت پیدا کرنے کے لئے اِن موضوعات پر مضمون متعارف کرنے کی ضرورت پر بھی زو ردیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے سڑکوں کو دو حصوں میں تقسیم کرنے والے Dividers کے درمیان تمام غیر منظور شدہ Cuts کو بند کرنے کے احکامات دئیے ۔ انہوں نے سول انتظامیہ اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام کو اس سلسلے میں ضروری ہدایات دیں تاکہ ان کٹس پر پیش آنے والے سڑک حادثا ت کو روکا جاسکے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے روڈ سیفٹی پر منعقدہ گزشتہ میٹنگ میں جاری کئے گئے احکامات پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا۔فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم اتل ڈولو نے جانکاری دی کہ سڑک حادثات سے بنیادی طور نمٹنے اور حادثات کا شکار ہونے والے افراد کو فسٹ ایڈ فراہم کرنے کے لئے پچھلے دو برسوں کے دوران تقریباً 10,000افراد کو ضروری تربیت فراہم کی گئی جبکہ سڑک حادثات کے شکار افراد کو علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے 6000سے زائد ہیلتھ ورکروں کو تربیت دی گئی۔لیفٹیننٹ گورنر کو بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین سے متعلق جانکاری عام کرنے اور سڑک حادثات پر قابو پانے کے لئے محکمہ صحت ، ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ ،مکانات و شہری ترقی اور دیگر متعلقہ محکموں نے مناسب اقدامات کئے ہیں