یواین آئی
سرینگر؍؍وادی کشمیر کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ پر منگل کے روز اُس وقت ٹریفک کی نقل وحمل قریب ایک گھنٹے تک معطل رہی جب بانہال علاقے میں ایک مشکوک اور لاوارث بوکس کو پایا گیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ پر منگل کے روز روڈ اوپنگ پارٹی نے بانہال علاقے میں شاہراہ کے کنارے ایک لاوارث بوکس کو پایا جس کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حمل کو بنا بر احتیاط معطل کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ بوکس دیکھتے ہی بم ناکارہ بنانے والے اسکارڈ کو جائے موقع پر طلب کیا گیا اور پورے علاقے کو سیل کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بعد ازاں بم ناکارہ بنانے والے اسکارڈ کی طرف سے گرین سنگل ملنے کے بعد ٹریفک کو بحال کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ٹریفک معطل ہونے کے باعث سینکڑوں گاڑیاں رک گئی تھیں جو علاقے میں ٹریفک جام کا سبب بن گئیں۔قابل ذکر ہے کہ قومی شاہراہ پر منگل کے روز گاڑیوں کو سری نگر سے جموں روانہ ہونے کی اجازت تھی۔ ہائی وے ذرائع کے مطابق شاہراہ پر یک طرفہ ٹریفک کی نقل وحمل ہی جارہی ہے تاکہ شاہراہ پر کسی قسم کا ٹریفک جام نہ ہوجائے۔ادھر تاریخی مغل روڈ اور اننت ناگ۔ کشتواڑ روڈ گزشتہ دوماہ سے ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے معطل ہے۔قریب پونے تین سو کلو میٹر طویل سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ کو اہلیان وادی کے لئے شہ رگ کی حیثیت حاصل ہے کیونکہ یہ وادی کو ملک کے دورے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی واحد شاہراہ ہے