ہمارے لیڈران کی آزادانہ نقل و حرکت پر عائد پابندی ہٹائو ہم ضمنی پنچایتی انتخابات میں حصہ لیں گے: غلام احمدمیر
نریندرسنگھ/یواین آئی
جموں؍؍جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے پارٹی کی ضمنی پنچایتی انتخابات میں شرکت کو پارٹی کے لیڈران کی آزادانہ نقل و حرکت پر عائد پابندی ہٹانے سے مشروط کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے سوا یہاں کسی بھی دوسری جماعت کا لیڈر سیاسی سرگرمیاں چلانے کے لئے آزاد نہیں ہے۔میر نے پیر کے روز یہاں کانگریس کے دوسرے لیڈروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ‘گزشتہ سال پنچایتی انتخابات نان پارٹی بنیادوں پر کرائے گئے۔ اور اب ضمنی انتخابات پارٹی بنیادوں پر کرائے جارہے ہیں۔ اگر آج آپ ضمنی انتخابات پارٹی بنیادوں پر کرا رہے ہیں تو جماعتیں کہاں ہیں؟ بی جے پی کے سوا یہاں کسی بھی دوسری جماعت کا لیڈر میدان میں نہیں ہے۔ جو میدان میں جانا چاہتے ہیں ان کو یہ سرکار اجازت نہیں دے رہی ہے۔ ان کو اس کی اجازت نہیں کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں جاسکے۔ اپنے لوگوں سے ملے’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘میں یہاں کی انتظامیہ سے لیکر وزیر داخلہ تک اپیل کرتا ہوں کہ ہمت ہے تو کانگریس کے لیڈران کو اپنے اپنے علاقوں میں جانے دو۔ اپنے پولیس محکمے کو ہدایت دو کہ کانگریس لیڈران کو خانہ نظربندی سے رہا کرو۔ ان کو اپنے علاقوں میں نقل وحرکت کی اجازت دو۔ ضرورت کے حساب سے ان کو سیکورٹی کور فراہم کرو۔ اس صورت میں کانگریس پارٹی ان انتخابات میں حصہ لینے کے لئے تیار ہے’۔بتادیں کہ الیکشن اتھارٹی جموں وکشمیر نے 13 فروری کو جموں وکشمیر یونین ٹریٹری میں سرپنچوں اور پنچوں کی خالی نشستوں کے لئے ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کیا۔اس موقع پرپارٹی کے نائب صدر وسینئررہنمارمن بھلہ اور ترجمانِ اعلیٰ ریویندرشرمابھی ان کے ہمراہ تھے۔