مرکزی وزیر نے جگتی کی مائیگرنٹ کالونی میں سکل ڈیولپمنٹ سینٹر کا افتتاح کیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جل شکتی اور سماجی انصاف کے مرکزی وزیر رتن لال کٹاریہ نے آج اتھ روٹ مہم کے تحت مائیگرنٹ کالونی جموں میں سیوا دام نامی سکل ڈیولپمنٹ سینٹر کا افتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان ، ممبر پارلیمنٹ جگل کشور ، چیف کمشنر انکم ٹیکس لدھیانہ ،بٹھنڈا او رجموںوکشمیر بی کے جہا ، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر جموں ریحانہ بتول ، ریلیف کمشنر پی کے بھٹ ، نیشنل آرگنائزنگ سیکرٹری سیوا بھارتی سدھیر جی اور سیوا بھارتی کے نمائندے بھی اس موقعہ پر موجو دتھے۔اَتھ روٹ ایک غیر سرکاری رضاکار تنظیم سیوا بھارتی جموں کی جانب سے شروع کی گئی ایک مہم ہے جس کا مقصد کشمیر ی مائیگرنٹ خواتین کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے ۔ اس مہم کے تحت مختلف ہنروں کی تربیت دینے کے علاوہ خواتین کے سیلف ہیلپ تشکیل دینا ہے تاکہ وہ اپنے لئے روزگار کے وسائل پیدا کرسکیں۔ خواتین کو ایمبراڑری ، سلائی ، اچار بنانے ، صابن بنانے ، کلاسیکی موسیقی اور کمپیوٹرکورسزکے علاوہ دیگر کئی ہنروں کی تربیت دی جاتی ہے ۔یہ پروجیکٹ جگتی کی ایک رہائشی انجلی رادھو کی نگرانی میں چلایا جارہا ہے ۔اِس موقعہ پر اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ جموںوکشمیر سے دفعہ 370اور دفعہ 35 اے کی تنسیخ کے بعد یہ خطہ اب ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہوگا اور یہاں کے لوگ بلا لحاظ مذہب و ملت یا رنگ و نسل مساوی ترقی حاصل کریں گے۔جموںوکشمیر کے لئے مرکزی سرکار کے نظریئے کی وضاحت کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ حکومت یہاں کے شہریوں بشمول پسماندہ طبقوں کی ترقی یقینی بنانے کے لئے پُرعز م ہے ۔وزیر نے کہا کہ سکل ڈیولپمنٹ سینٹر کا قیام قابل سراہنا ہے اور اس سے خواتین کو بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔اُنہوں نے جموںوکشمیر میں سیوا بھارتی کی جانب سے دردست لئے گئے کاموں کی سراہنا کی۔فاروق خان نے سیوا بھارتی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس رضا کار تنظیم نے دیگر لوگوں کے لئے ایک مثال قائم کی ہے ۔سکل ڈیولپمنٹ سینٹر کی کامیابی کی تمنا کرتے ہوئے فاروق خان نے سماجی بہبود کے کاموں میں حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ پروگرام کے آخر پر جگتی میں رہنے والی بچیوں اور درشٹی گرلز ہوسٹل کی بچیوں نے رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کئے۔