350 ویں جیت کے ساتھ نیوزی لینڈ کا سیریز پر قبضہ

0
0

آکلینڈ،  (یواین آئی) مارٹن گپٹل (79) اور راس ٹیلر (ناٹ آوٹ 73) کی نصف سنچری اننگز کے بعد گیند بازوں کی شاندار کارکردگی سے نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو آج دوسرے ون ڈے میچ میں 22 رنز سے شکست دے کر دو۔صفر سے سیریز پرناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی۔نیوزی لینڈ کی یہ اس کی ون ڈے تاریخ میں 350 ویں جیت ہے ۔نیوزی لینڈ نے گپٹل کے 79 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 79 اور ٹیلر کے 74 گیندوں میں چھ چوکے اور دو چھکے سے 73 رن کی بدولت 50 اوور آٹھ وکٹ پر 273 رن بنائے تھے جس کے جواب میں ہندوستانی ٹیم 48.3 اوور میں 251 رن ہی بنا سکی۔ہندوستان کی جانب سے رویندر جڈیجہ نے 73 گیندوں میں دو چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے سب سے زیادہ 55 رنز بنائے اور ٹیم کو جیت دلانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے ۔ ان کے علاوہ شریس ایئر نے 57 گیندوں میں سات چوکے اور ایک چھکے کی مد د سے 52 رن بنائے ۔ہندوستان کی اننگز میں نودیپ سینی نے 45، پرتھوی شا نے 24، شاردل ٹھاکر نے 18، کپتان وراٹ کوہلی نے 15، کیدار جادھو نے نو، لوکیش راہل نے چار اور مینک اگروال نے تین رنز بنائے ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 41 رنز، کائل جیمیسن نے 42 رنز، کولن ڈی گرینڈھوم نے 54 رنز اور ہمیش بینیٹ نے 58 رن دے کر دو دو وکٹ لئے جبکہ جیمز نیشم کو 52 رن پر ایک وکٹ ملا۔اس سے پہلے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے اتری کیوی ٹیم کی شروعات شاندار رہی اور گپٹل اور ہینری نکولس (41) کی جوڑی نے مضبوط شروعات دلائی ۔ دونوں بلے بازوں کے بیچ پہلے وکٹ کے لئے 93 رن کی شراکت ہوئی ۔ اس جوڑی کو اسپن گیند باز یجویندر چہل نے نکولس کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے توڑا۔ نکولس نے 59 گیندوں کی اننگ کھیلتے ہوئے پانچ چوکے لگائے ۔پہلا وکٹ گرنے کے بعد گپٹل نے ٹام بلندیل کے ساتھ کھیلتے ہوئے اننگز کو آگے بڑھایا۔ ایک وقت تھا جب نیوزی لینڈ کا اسکور 26.3 اووروں میں 142 رن تھا اور ان کی حالت مضبوط لگ رہی تھی لیکن شاردل ٹھاکر نے بلندیل کو آؤٹ کرکے گپٹل کے ساتھ ان کی شراکت داری کو توڑ دیا۔ بلندیل نے 25 گیندیں کھیلتے ہوئے تین چوکوں کی مدد سے 22 رن بنائے ۔حالانکہ گپٹل بچ پر ٹک کر اپنی اننگز کو آگے بڑھاتے رہے لیکن تیزی سے رن بنانے کی وجہ سے وہ رن آؤٹ ہوگئے ۔ گپٹل کے بعد گزشتہ مقابلے میں سنچری بنانے والے ٹیلر نے مورچہ سنبھالا اور شاندار بلے بازی کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی۔کیوی ٹیم کو بڑا جھٹکہ اس وقت لگا جب رویندر جڈیجہ نے کپتان لاتھم کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا ۔ لاتھم نے سات رن بنائے ۔ اس کے بعد جیمس نیشم بھی تیزی سے رن بنانے کی وجہ سے رن آؤٹ ہوگئے اور محض تین رن بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ کالن ڈی گرینڈ ہوم کو شاردل نے شریس ایر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا انہوں نے ایک چوکے کی مدد سے پانچ رن بنائے ۔بعدازاں یجویندر چہل نے پہلے مارک چاپمین کو آؤٹ کیا پھر ٹم ساؤڈھی کو نودیپ سینی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کراکے اننگ کا خاتمہ کردیا۔ چاپمین نے ایک اور ساؤڈھی نئے تین رن بنائے جبکہ کائل جیمیسن نے 24 گیندوں میں ایک چوکا اور دو چھکے لگاکر ناٹ آؤٹ 25 رن بنائے ۔انڈیا کی جانب سے چہل نے 10 اووروں میں 58 رن دے کر تین وکٹ ، شاردل نے 60 رن دے کر دو وکٹ اور جڈیجہ نے 35 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ بمراہ کو 64 رن پر کوئی بھی وکٹ نہیں ملا۔ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کی شروعات خراب رہی اور اسے مینک کے طور پر پہلا جھٹکا لگا۔ ہندوستانی ٹیم جب تک پہلے جھٹکے سے نکل پاتی اس سے پہلے ہی ٹیم کے دوسرے سلامی بلے باز پرتھوی کو جمیسن نے آوٹ کرکے ہندوستان کو ابتدائی جھٹکے دے دیئے ۔ پہلے مقابلے میں ٹیم کو اچھا آغاز دینے والی ہندوستان کی سلامی جوڑی اس مقابلے میں مکمل طور پر فلاپ رہی۔وراٹ نے اس کے بعد شریس کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا اور دونوں نے ٹیم کا اسکور 57 رن پہنچا دیا۔ وراٹ جب تک اپنی اننگز کو مضبوطی دیتے اس سے پہلے ہی ساؤتھی نے انہیں بولڈ کرکے ان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔سرے پر کوئی بھی بلے باز ان کا ساتھ نہیں دے سکا۔شریس نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن اس کے بعد ہی وہ بینٹ کی گیند پر ٹام لاتھم کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے ۔شریس کے بعد جڈیجہ نے سینی کے ساتھ مل کر ہندوستانی اننگز کو سنبھالا اور دونوں کے درمیان آٹھویں وکٹ کے لئے 76 رن کی شراکت ہوئی۔ ضروری رن ریٹ بڑھتا ہوا دیکھ کر سینی نے رن رفتار تیز کرنے کی کوشش کی اور اسی جلدی بازی کی وجہ سے وہ اپنا وکٹ گنوا بیٹھے ۔ سینی کے بعد جڈیجہ بھی زیادہ دیر نہیں ٹک سکے اور آخری بلے باز کے طور پر نیشم کا شکار ہو گئے ۔نیوزی لینڈ کو حال ہی میں ٹی -20 سیریز میں پانچ ۔صفر سے شکست دینے کے بعد ہندوستانی ٹیم ون ڈے میں اپنی اس کارکردگی کو برقرار نہیں رکھ سکی لہذا ٹیم تین میچوں کی سیریز میں دو۔صفر سے پیچھے ہونے کے بعد سیریز گنوا بیٹھی ہے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری اور تیسری مقابلہ 11 فروری کو ماؤنٹ مونگانوئي میں ہوگا۔یواین آئی۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا