عوامی زندگیوں کو بہتر بنانے میں بنک کااہم رول :جسٹس گیتامتل ہمیں خطے میں ہر عوامی مقام پر اپنی ڈیجیٹل خدمات کو بہم رکھنا ہوگا :آر کے چھبر لازوال ڈیسک
جموں؍؍؍؍عوام تک اپنی آسان ، سریع الرفتار اور جدید خدمات ان کے علاقوں میں عوامی اہمیت کے حامل مقامات پر دستیاب رکھنے کیلئے وعدہ بند جموں وکشمیر بنک نے آج جموں میں ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس میں ایک آٹو میٹڈ ٹیلر مشین (ATM) کا افتتاح کیا ۔اس نئے اے ٹی ایم کی تنصیب کے ساتھ ہی ملک میں جے کے بنک کی ٹیلر مشینوں کی تعداد 1350تک پہنچ گئی۔چیف جسٹس جموں وکشمیر ہائی کورٹ جسٹس گیتا متل نے اس اے ٹی ایم کا افتتاح جسٹس راجیش بندل ،جسٹس سنجیو کمار،جسٹس سندھو شرماچیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر جے کے بنک آر کے چبر ،بینک زونل ہیڈ جموں سنٹرل1سنیت کمار ،دیگر جوڈیشل افسران ،ضلعی عدالت جموں کے جج صاحبان اور دیگر سینئر بینک افسران کی موجودگی میں کیا۔اس موقعے پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران چیف جسٹس جسٹس گیتا متل نے جموں وکشمیر بنک کی جانب سے عوامی زندگیوں کو بہتر بنانے میں اہم رول ادا کرنے پر اس کی ستائش کی ۔انہوں نے بنک قیادت کا اس عدالتی احاطے میں اے ٹی ایم خدمات بہم رکھنے پر شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح سے عدالتی عملے کے ساتھ ساتھ یہاں آنے والے عام لوگوں کو 24گھنٹوں بینکنگ کی مختلف خدمات میسر رہ پائیں گی۔اس موقعے پر چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر جے کے بنک آر کے چھبر نے کہاکہ ’’بینک کی توسیعی پالیسی پر عمل درآمد کرتے ہوئے ،ہمیں خطے میں ہر عوامی مقام پر اپنی ڈیجیٹل خدمات کو بہم رکھنا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ جے کے بنک نے حالیہ نامساعد حالات کے دوران بھی اے ٹی ایم نیٹ ورک فعال رکھ کرلوگوںکو راحت دینے کی بھر پور سعی کی ۔خصوصاً وادی میں جس کی عام لوگوں نے زبردست سراہنا کی ۔انہوں نے مزید کہاکہ جے کے بنک خطے اور اسکے ماورا بھی لوگوں تک جدید اور حسب ضرورت بینکنگ پروڈکٹس بہم پہنچانے کیلئے وعدہ بند ہے ۔زونل ہیڈ جموں سنٹرل 1سنیت کمار نے مہمان خصوصی اور دیگر معززین کا تقریب میں شرکت کیلئے شکریہ ادا کیا ۔