مجموعی طور پر62.93فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی
محمد اسحٰق عارفؔ
اخیار پور؍؍ضلع ترقیاتی کونسل اور ضمنی پنچائتی چنائو کے چھٹے مرحلے میں اتوار کو ضلع ڈوڈہ کے دو حلقوں گھٹ اور چراہلہ میں ووٹ ڈالے گئے جہاں مجموعی طور پر62.93فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔گھٹ حلقہ میں18802رائے دہندگان نے اپنے اپنے رائے دہی کا استعمال کیا جن میں 10042مرد اور 8760خواتین شامل ہیں اور اس طرح یہاں 73.89فیصد ووٹنگ ہوئی جب کہ چراہلہ حلقے میں 7400ووٹران جن میں4164مرد اور3236خواتین شامل ہیں ،نے اپنے اپنے ووٹ کا استعمال کیا جو یہاں کے کل ووٹران کا45.71فیصد بنتا ہے۔سرپنچ حلقوں میں 69.58اور پنچ حلقوں میں سب سے زیادہ 92.27فیصد پولنگ ہوئی۔دونوں حلقوں میں کل ملا کر91پولنگ مراکز قائم کئے گئے تھے اور الیکشن حکام کی طرف سے ہر پولنگ مرکز پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ ڈاکٹر ڈی ساگر ڈائفوڈ جو ضلع کے الیکشن آفیسر بھی ہیں،نے ایس ایس پی ڈودہ ممتاز احمد،اے ایس پی بھدرواہ،ایس ڈی ایم ٹھاٹھری،بی ڈی او چراہلہ تحصیلدار ہیڈکوارٹر ڈوڈہ کے علاوہ متعدد دیگر آفیسران کے ہمراہ مختلف پولنگ مراکز کا دورہ کر کے انتخابی عمل کا معائینہ کیا۔بیشتر پولنگ مراکز پر صبح سے ہی رائے دہندگان لمبی لمبی قطاروں میں اپنی اپنی باری کا انتظار کرتے دیکھے گئے۔واضح رہے کہ گھٹ حلقہ سے تین جب کہ چراہلہ حلقہ سے چار اُمیدوار انتخابی میدان میں قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔