پونچھ میں ایک شہری کو پاکستان نے واپس بھیج دیا
ماجد چوہدری
پونچھ ؍؍بین الاقوامی حد متارکہ پونچھ کے سرحدی علاقے میں پونچھ کاایک شہری غلطی سے سرحد عبور کرکے پاکستان کے علاقے میں چلا گیا تھا جس کو وہاں پر پاک فوج نے حراست میں لیکر پولیس کے حوالے کیا تھا آج پاک فوج نے پونچھ کے شہری کو جذبہ خیر سگالی کے تحت واپس بھیج دیا ۔سرحدی ضلع پونچھ کے بین الاقوامی سرحد پرچکاں داباغ کراسنگ پوائنٹ پر آج پاکستانی فوج نے اُس شہری کو بھارتی ہم منصبوں کے حوالے کیا جو پندرہ ماہ پہلے غلطی سے سرحد عبور کرکے پاکستانی حدود میںداخل ہواتھا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پونچھ میں ایل او سی پوائنٹ پر نادانستہ طور پر لائن آف کنٹرول کو عبور کرنے کے ایک سال اور تین ماہ بعد، پونچھ کا ایک 35 سالہ باشندہ وطن واپس لوٹا۔ ذرائع کے مطابق محمد جاوید ولد نذیر الدین ساکن ہیویلی پونچھ کو پاکستانی حکام نے دوپہر کے قریب چکاں دا باغ کراسنگ پوائنٹ پر بھارتی ہم منصبوں کے حوالے کیا۔ ایس ایس پی پونچھ روہت باسکوترا نے بتایا کہ یہ شخص دسمبر 2020 میں پاکستان گیاتھا۔انہوںنے بتایا کہ پاکستانی سیول انتظامیہ اور پاک زیر انتظام کشمیر پولیس حکام اور فوجی افسران نے مذکورہ شخص کو آج بھارتی حکام کے حوالے کیا اور اس سلسلے میں باضابطہ طور پر پہلے ہاٹ لائن پر سرحد پر تعینات دونوں ممالک کے فوجی افسران نے ایک دوسرے کو مطلع کیا تھا۔