آبی ذخائر اور نل پھر منجمد پائے گئے؛ شہر وگام کی سڑکوں پر پھسلن پیدا ہوئی
یواین آئی
سرینگر؍؍وادی کشمیر میں گزشتہ تین دنوں سے جاری خشک موسم کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس سے زمستانی ہوائیں مزید تیز ہوئی ہیں اور صبح کے وقت جہاں آبی ذخائر اور نل منجمد پائے گئے وہیں شہر وگام کی سڑکوں پر بھی پھسلن پیدا ہوئی تھی جس سے لوگوں اور گاڑیوں کو چلنے پھرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔دریں اثنا محکمہ موسمیات نے وادی میں برف وباراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ وادی میں 25 جنوری کی صبح سے 29 جنوری تک موسم خراب رہنے کی توقع ہے۔وادی کا بیرون دنیا کے ساتھ زمینی و فضائی رابطہ برابر بحال و برقرار ہے۔ ہائی وے ذرائع کے مطابق وادی کو ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ جمعہ کے روز بھی یک طرفہ ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے کھلی رہی۔ انہوں بتایا کہ شاہراہ پر جمعہ کے روز بھی گاڑیوں کو سری نگر سے جموں روانہ ہونے کی اجازت دی گئی۔وادی کشمیر میں شہنشاہ زمستان چلہ کلان کے آخری ہفتے کے دوران اگر چہ موسم فی الوقت خشک ہے اور جمعہ کے روز بھی دن میں بسا اوقات ہلکی دھوپ کھلی رہی تاہم شبانہ درجہ حرارت میں مزید اضافے سے جہاں جمعہ کی صبح شہر وگام میں آبی ذخائر منجمد پائے گئے وہیں سڑکوں پر بھی پھسلن پیدا ہوئی تھی جس کے باعث کہیں علاقوں میں ٹریفک صبح دیر تک متاثر رہا تو کہیں گاڑیاں کچھوے کی رفتار سے چل رہی تھیں۔عینی شاہدین نے بتایا کہ سڑکوں پر جمع پانی منجمد ہونے کے باعث صبح کے وقت پھسلن اس قدر پیدا پوئی تھی کہ پیدل چلنا بھی امر محال بن گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ کئی گاڑیاں سڑکوں پر پھسل کر ایک دوسرے کے ساتھ ٹکرا گئیں اور کئی لوگ سڑکوں پر پیر پھسل کر گر جانے کے باعث زخمی بھی ہوئے۔وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہونے کے باعث آبی ذخائر اور نل جمعہ کی صبح منجمد پائے گئے جس کے باعث لوگوں کو پانی کی قلت سے دوچار سے ہونا پڑا۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں مطلع صاف رہنے کے باعث شبانہ درج میں ایک بار پھر اضافہ درج ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ شب کے درجہ حرارت سے منفی 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔وادی کے مشہور دہر سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 13.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 11.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 20.1 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دارس قصبہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 30.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ اور کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 8.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ً