مہلوک جنگجو 4عام شہری اور4پولیس اہلکاروں کی ہلاکت میں ملوث تھے :دلباغ سنگھ
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ،دلباغ سنگھ نے سوموار کو کہا کہ جنوبی ضلع شوپیان میں سوموار کو حزب المجاہدین کمانڈر سمیت3 ملی ٹنٹوں کی ہلاکت پولیس وفورسز کیلئے بڑی کامیابی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملی ٹنٹ مخالف آپریشنز جاری رہیں گے جبکہ مہلوک ملی ٹنٹ 4عام شہری اور4پولیس اہلکاروں کی ہلاکتوں میں ملوث تھے ۔شوپیان جھڑپ سے متعلق پولیس کنٹرول روم سرینگر میں ایک پریس بریفنگ میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ،دلباغ سنگھ نے کہا کہ رواں برس اب تک ملی ٹنٹوں کے خلاف دو سے تین کامیاب آپریشنز عمل میں لائے گئے جن میں شوپیان کا آپریشن بھی شامل ہے ۔ان کا کہناتھا کہ شوپیان میں ایک کامیاب ملی ٹنٹ مخالف آپریشن عمل میں لایا گیا اور حزب المجاہدین کمانڈر سمیت 3 ملی ٹنٹوں کو ہلاک کیا گیا ۔ان کا کہناتھا کہ مہلوک ملی ٹنٹ 4عام شہری اور4پولیس اہلکاروں کی ہلاکتوں میں ملوث تھے ۔ڈی جی پی نے کہا کہ ملی ٹنٹوں نے جنوبی ضلع شوپیان میں خوف کا ماحول قائم کیا تھا اور اب یہ خوف کافی حد تک دور ہوجائیگا ۔انہوں نے کہا کہ جن عام شہریوں کو مہلوک ملی ٹنٹوں نے ہلاک کیا تھا اُنکے لواحقین بھی راحت کی سانس لیں گے اور اُنہیں چین ملے گا ۔ان کا کہناتھا کہ مارے گئے ملی ٹنٹوں کے خلاف جرائم عیاں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ2برسوں سے مارے گئے ملی ٹنٹ جنوبی کشمیر میں سرگرم تھے اور کئی ملی ٹنسی کی وارداتوں میں بھی ملوث تھے ۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے کہا کہ رواں برس پولیس ،فوج وفورسز نے مشترکہ طور پر ملی ٹنٹوں کے خلاف کئی کامیاب آپریشن عمل میں لائے ،جن میں شوپیان کا آپریشن ایک ہے ۔ان کا کہناتھا کہ اس سے قبل بھی جنوبی کشمیر میں کامیاب ملی ٹنٹ مخالف آپریشن عمل میں لایا گیا جبکہ پولیس کے تعینات ڈی ایس پی کو ملی ٹنٹوں کے ہمراہ گرفتار کرنا فورسز کی ملی ٹنسی کے خلاف’ زیر و ٹالرنس‘ کو عیاں کرتا ہے ۔پولیس کے سربراہ نے مزید کہا کہ سرینگر میں ایک کامیاب آپریشن کے دوران ’جیش محمد ‘ عسکری تنظیم کے ایک نیٹ ورک کو بے نقاب کیا گیا اور 5ملی ٹنٹ سہولیت کا روں کو گرفتار کیا گیا ۔ ان کا کہناتھا کہ ملی ٹنٹوں کے خلاف مستقبل میں بھی آپریشنز اسی طرح جاری رہیں گے اور کشمیر میں امن وامان کی فضاء قائم کرنے میں ٹھو س اور مئوثر اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔(کے این ایس)