لازوال ڈیسک
اودھمپور؍؍وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج سبھاش سٹیڈیم اودھمپور میں ایک عوامی رابطہ پروگرام کا انعقاد کیا ۔ کمشنر سیکرٹری محکمہ جنگلات و ماحولیات سریتہ چوہان ، ڈی سی اودھمپور ڈاکٹر پیوش سنگلا کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ اس پروگرام میں بی ڈی سی کے چئیر پرسنز ، کونسلروں ، پنچوں اور سرپنچوں کے علاوہ ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر شرکت کی ۔ پروگرام کے افتتاح میں ڈی سی اودھمپور نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کی حصولیابیوں کو اجاگر کیا ۔ کمشنر سیکرٹری نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا اور ضلع انتظامیہ کے کام کاج کی تعریف کی ۔ بی ڈی سی چئیر پرسن بلاک اودھمپور اور صدر ایم سی اودھمپور نے خطاب کرتے ہوئے اپنے اپنے علاقوں کے مطالبات کو اجاگر کیا ۔ دورے کے دوران ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھا اور کئی ایک کا افتتاح کیا ۔ ان پروجیکٹوں کا تعلق پی ایچ ای ، بجلی ، آر ڈی ڈی اور دیگر شعبوں سے تھا ۔ انہوں نے کئی پودے لگا کر سبھاش سٹیڈیم میں مزید شجر کاری کرنے پر بھی زور دیا ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ عوامی رابطہ پروگرام منعقد کرنے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ لوگوں کو سرکار کی سکیموں اور فلاحی پروگرام کے بارے میں جانکاری دی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں کئی ترقیاتی پروجیکٹ عملائے جا رہے ہیں جن کی بدولت ضلع کے ترقیاتی منظر نامے میں کافی تبدیلی رونما ہو گی ۔ انہوں نے جموں کشمیر یو ٹی کی بہبودی کیلئے شروع کئے گئے متعدد اقدامات کا ذکر کیا ۔ پروگرام کے دوران مختلف محکموں نے اپنے اپنے سٹال لگائے تھے جن میں سرکاری سکیموں سے متعلق جانکاری کی عکاسی کی گئی ۔ بعد میں مرکزی وزیر نے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا انہوں نے ترقیاتی پروجیکٹ عملانے میں ضلع انتظامیہ کی تعریف کی ۔ انہوں نے وہاں موجود کسانوں کے ساتھ بھی تبادل خیال کیا ۔ انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ فلاحی سکیموں کی عمل آوری کو یقینی بنائیں تا کہ کسانوں کی سماجی و اقتصادی ترقی ممکن ہو سکے اور کسانوں کی آمدن 2022 تک دوگنا کی جا سکے ۔