دیول گھاٹ بلڈانہ میں طلبہ و والدین کے لیے ترغیب و رہنمائی برائے کرئیر پروگرام

0
0

وسیم عباس مومن

دیول گھاٹ،بلڈانہ//گذشتہ دنوں ضلع بلڈانہ کے دیہات دیول گھاٹ میں جمیعت العلماء اصلاح معاشرہ کمیٹی کی جانب سے ریٹھا مسجد میں مقامی اور اطراف کے جونیر کالجیزکے طلبہ کے لیے ترغیبی و کرئیر رہنمائی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر شہر بھیونڈی سے عبدالمجید انصاری (کرئیر کونسلر و معلم صلاح الدین ایوبی میموریل اردو ہائی اسکول)، مومن فیاض احمد (کرئیر کونسلر و معلم صمدیہ ہائی اسکول ) اور مومن فہیم احمد عبدالباری (کرئیر کونسلر و لیکچرر صمدیہ جونیر کالج) نے بالخصوص شرکت کی۔ مقامی اور اطراف کے جونیر کالج کے تقریباً دو سو طلبہ و طالبات صبح ۱۱ بجے سے شام ۴ بجے تک اس پروگرام میں شریک رہے۔ پہلے سیشن کا آغاز قرأت اور نعت سے ہوا۔ ریٹائرڈ معلم صغیر مومن نے نظامت اور مہمانان کا تعارف کرایا۔ علاقے کی معروف شخصیت اور پروگرام کے کنوینر ظہیر عباس صاحب نے ابتدائی کلمات ادا کیے اور پروگرام کی غرض و غایت بیان کی۔ عبدالمجید انصاری نے دسویں اور بارہویں کے بعد کے کورسیس اور طلبہ کی اخلاقی تربیت پر سیر حاصل گفتگو کی۔ مومن فہیم احمد نے حکومتی ملازمتوں اور مسابقتی امتحانات کی اہمیت اور تیاری کے ساتھ مختلف رول ماڈلس کے ذریعے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم اور حکومتی ملازمتوں میں اپنی نمائندگی میں اضافہ کی ترغیب دی۔ پہلے سیشن کے اختتام سے قبل ریٹائرڈ معلم اور فعال رکنِ کمیٹی وسیم عباس سر نے کاوش کے پروگرا م میں موجود مختلف رول ماڈلس کے تاثرات کا تذکرہ کیااور اس موقع پر مذکورہ پروگرام کی جھلکیاں طلبہ کو بتائی گئیں۔ نماز اور طعام کے وقفے کے بعد دوسرے سیشن کا آغاز ہوا۔ مومن فیاض احمد نے اسکالر شپ امتحانات، حکومتی و غیر حکومتی اسکالر شپ اور اہم دستاویزات بنانے کے لیے لگنے والے کاغذات کی تفصیلی معلومات فراہم کی۔ بعد ازاں سوال و جواب کے سیشن میں طلبہ نے کرئیر اور پڑھائی سے متعلق کئی سوالات پوچھے، مقررین نے ان کا تشفی بخش جواب دیا۔ آخر میںطلبہ و طالبات نے پروگرام سے متعلق اپنے تاثرات کا اظہار کیا جس میں انھوںنے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ حاضرین کی بڑی تعداد جن میں مقامی افراد کے علاوہ مختلف جونیر کالج سے آئے ہوئے اساتذہ کرام شامل تھے ، پروگرام کی افادیت کا اقرار کیا اور اس طرح کے پروگرام کے مسلسل انعقاد پر زور دیا۔ اس موقع پر انتظامیہ کے علاوہ ممبئی سے نور محمد سر، ٹی سی ایس میں فارماشعبہ سے وابستہ فراز مومن، رئیس ہائی اسکول کے معلم اور ساکن دیول گھاٹ ریحان مومن، علاقے کے سرپنچ اور سرکردہ شخصیات کی موجودگی پروگرام کی کامیابی کی ضامن رہی۔ کمیٹی کی جانب سے تمام شرکاء کے لیے طعام و شام کی چائے کا نظم بلا معاوضہ کیا گیا جس کا حاضرین نے شکریہ ادا کیا

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا