نیشنل یونائٹیڈ چیرٹیبل ٹرسٹ کی انسانیت نواز خدمات کو خراج تحسین
اے کے خان، جناب ظہیرالدین علی خان اور ترکی قونصل جنرل کی تقاریر
یو این آئی
حیدرآباد؍؍تعلیم، روزگار اور صحت سے متعلق شعور کی بیداری وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ تعلیم، روزگار اور خوشحالی کی بنیاد ہے ۔ اور صحت کے بغیر ہر شئے بے فیض ہوجاتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مختلف مقررین نے نیشنل یونائٹیڈ چیرٹیبل ٹرسٹ کی پہلی سالانہ تقریب میں کیا جو نظام کلب حیدرآباد میں منعقد ہوئی۔ اے کے خان مہمان خصوصی’ ڈاکٹر عدنان الطی التینور قونصل جنرل ترکی اور ظہیرالدین علی خان مہمان اعزازی کی حیثیت سے شریک تھے جبکہ شہ نشین پر چیرمین ٹرسٹی مسعود احمد اور فرید خان فاؤنڈر اینڈ منیجنگ ٹرسٹی موجود تھے ۔ اے کے خان نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے اقلیتوں کیلئے تعلیمی، معاشی اور صحت عامہ کے شعبوں میں فلاحی اسکیمات پر روشنی ڈالی- انہوں نے کہا کہ مائناریٹی ریزیڈنشیل اسکولس کی بدولت ایک نیا تعلیمی انقلاب آیا ہے اور اس کا مثبت و تعمیری پہلو یہ ہے کہ مسلم لڑکیوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا ذوق و شوق پیدا ہوا ہے ۔ ہر سال ان اسکولس میں داخلہ لینے والی لڑکیوں کی فیصد تناسب میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقلیتوں کے لئے فلاحی اسکیمات سے متعلق شعور بیدار کیا جانا چاہئے ۔ ظہیرالدین علی خان منیجنگ ڈائرکٹر سیاست نے انتہائی دکھ کے ساتھ کہا کہ مسلمانوں میں ڈراپ آؤٹ یا ترک تعلیم کا فیصد تناسب گریجویشن کی سطح تک پہنچنے تک 70% ہوجاتا ہے جس کی کئی وجوہات ہیں۔ اکثر مسلم گھرانوں میں کمانے والا ایک ہوتا ہے ’ جس کے زیر کفالت کئی کئی افراد ہوتے ہیں۔ کم آمدنی’ محدود وسائل’ بے شمار مسائل کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقہ کا مسلمان تعلیم اور صحت پر توجہ نہیں دے سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ مختلف بیماریوں کا شکار ہوتا ہے اور اس کی عمر بھی گھٹتی جاتی ہے ۔