بینک سماج کے ہر طبقے کی خوشحالی کا ضامن ہے، ہمیں لوگوں کے جذباتی رشتے کا احترام ہے : چیئرمین
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍جموں و کشمیر بینک نے ضلع پلوامہ کے زعفران کاشت کیلئے مشہورعلاقہ کدلہ بل پانپور میں آج اپنی ایک نئی شاخ کا افتتاح کیا۔بینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈایئریکٹرراجیش کمار چھبرنے بینک کی اس 951 ویں برانچ کو عوام کے نام وقف کیا۔ افتتاحی رسم کے موقع پر انکے ہمراہ بینک کے پریزیڈنٹ محمد مقبول لون اور غلام نبی تیلی کے علاوہ زونل ہیڈ محمد شفیع سلرو، چیئرمین کے سپیشل سیکریٹری کرن جیت سنگھ ، وائس پریزیڈنٹ تصدق احمد ڈار، شوپیاں اور پلوامہ اضلاع کے کلسٹر ہیڈ ، ضلع انتظامیہ کے کئی افسراں اورمتعدد سینئر بینک افسراں موجود تھے۔ منعقدہ تقریب میں بینک گاہکوں ، معزز شہریوں، مقامی کاروباریوں اور بینک افسراں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھیں۔جے کے بینک کی خدمات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے بینک کے سر پرست نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانپور علاقہ کشمیری زعفران کی شان ہے اور یہ نہ صرف ملک بھر میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر زعفران کی کاشت کیلئے بہت مشہور ہے۔ مجھے آج اس بات کی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہم اپنی جدید ترین بینک کاری خدمات کا دائرہ اس علاقے میں مزید پھیلا رہے ہیں اور جموں و کشمیر بینک کی کدلہ بل پانپور کی نئی شاخ یہاں کی سماجی و اقتصادی صورتحال کو سنوارنے میں کافی مددگار ثابت ہوگی۔چیئرمین نے کہا کہ جے اینڈ کے بینک کشمیر اور جموں خطوں میںسماج کے ہر طبقے کی خوشحالی کا ضامن ہے اور یہاں کے لوگوں کو اس بینک کے ساتھ ایک جذباتی وابستگی ہے جس کا ہمارے سٹاف کو بخوبی احساس ہے اور جسکاہم بھر پور احترام کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ جموں و کشمیر بینک کی بنیادیں بہت مظبوط ہیں اور اس بینک کو جے اینڈ کے سرکار کا مکمل تعاون حاصل ہے اور اس بینک کے بارے میں پھیلائی جارہی تمام افواہیں بے بنیاد ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بینک نے کشمیر کے زعفران کاشت کاروں کیلئے پہلے ہی ایک مخصوص اسکیم مرتب کی ہے جسکا مقصد اس صنعت کے فروغ کیلئے ہر ممکن مالی ضرورتوں کو بہم رکھنا ہے۔انہوں نے نئی برانچ کے سٹاف پر زور دیا کہ وہ اپنے گاہکوں کو بینک کے منصوبے کے مطابق سب سے بہتر خدمات بہم رکھنے میں اپنے آپ کو وقف رکھیں اور انہیں ہر طرح کی بینک کاری سہولیات سے روشناس کریں۔ اس سے پہلے زونل ہیڈ محمد شفیع سلرو نے اپنے استقبالیہ خطبے میں کہا کہ علاقے کے لوگوں کو بینک کی کئی فائدہ بخش اور کسان دوست اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کی تلقین کی تاکہ اُن میں روزگار مانگنے کے بجائے روزگار دینے کی صلاحیت پیدا ہوسکے ۔تقریب میں موجود مقامی کاروباریوں اور بینک گاہکوں نے چیئرمین اور بینک کی اعلیٰ انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بینک کے اُس رول کی سراہنا کی جو یہ خطے کی معاشی ترقی میں ادا کر رہا ہے۔ اس موقع پر ایک معزز شہری نے کہا کہ جے کے بینک سٹاف نہایت خوش خلق، محنتی اور ہمدرد ہے اور اس برانچ کے چالو ہونے سے مقامی لوگوں کو کافی راحت محسوس ہوگی۔