حزب المجاہدین سے وابستہ ایک مقامی جنگجو ہلاک
یواین آئی
سرینگر؍؍جنوبی ضلع پلوامہ کے سیل چرسو اونتی پورہ میں منگل کی صبح ہونے والے ایک مسلح تصادم میں حزب المجاہدین سے وابستہ ایک مقامی جنگجو مارا گیا۔ مہلوک جنگجو کی شناخت آرونی بجبہاڑہ کے رہنے والے شاہد احمد کے طور پر ہوئی ہے جس نے مبینہ طور پر محض ایک ہفتہ قبل ہی جنگجوئوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ اونتی پورہ میں سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر واقع سیل چرسو نامی علاقہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 42 راشٹریہ رائفلز، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں منگل کی علی الصبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن چلایا۔ انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے وہاں موجود شاہد احمد نامی جنگجو کو محاصرے میں لیا اور اس کو خود سپردگی اختیار کرنے کی پیشکش کی۔ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ جنگجو جو محض ایک ہفتہ قبل ہی جنگجوئوں کی صفوں میں شامل ہوا تھا، نے خود سپردگی کی پیشکش ٹھکرادی جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے اسے ہلاک کردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارے گئے جنگجو کے قبضے کچھ اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔