ڈیڑھ درجن کے قریب ڈرائیوروں کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کرکے کئی گھرفاقہ کشی پہ کئے مجبور: طاہر حُسین شاہ
مدثرلون
ڈوڈہ//منی بس ایسوسیشن ضلع ڈوڈہ کے صدر طاہر حُسین شاہ نے اے آر ٹی او ڈوڈہ کی طرف سے ڈیڑھ درجن کے قریب ڈرائیوروں کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کے کڑی الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس کو ظالمانہ و غیر منصفانہ اقدام قرار دیا ہے۔ طاہر حُسین شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف سے حکومت نوجوانوں کو غیر سرکاری اداروں میں روز گار دینے کا وعدہ کرتی ہے۔ تو دوسری طرف سے غیر قانونی غیر اخلاقی شاہی فرمان جاری کرکے ناانصافیوں اور ظلم کی انتہا کردیتی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ڈرائیور کا ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے سے قبل ڈرائیور کو نوٹس دی جاتی ہے کہ آپ فلاں قانون و ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے باز نہ آئے تو آپکا لائسنس معطل ہوسکتا ہے مگر یہاں ARTOڈوڈہ نے ڈی وائی ایس پی ٹریفک کی ایما و سازش سے یہ غیر منصفانہ اقدام کیا چونکہ Dy. SPٹریفک ڈوڈہ کی طرف سے ایسوسیشن کو غیر قانونی طریقہ کارکے لئے مجبور کرنے کے باوجود ایسوسیشن نے و ہ غیر قانونی طریقہ کار اور رشوت دینے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد اب وہ اس کو ذاتی انا کا مسئلہ بنا کر محض عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔ اُنہوں نے ریاستی حکومت و اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ٹرانسپورٹ طبقہ پہلے سے پریشان ۔ خستہ حال مالی تنگ دستی کا شکار ہیں اور پھر جابر و ظالمانہ اقدامات سے مزید پریشان ہیں۔ طاہر شاہ نے کہا کہ وہ عوام اور سیول سوسائٹی سے بھی اس بارے میں اپیل کرتے ہیں کہ وہ انصاف کی اس جنگ میں ان کا ساتھ دیں